محبوب نگر /20 اگست ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ریاستی حکومت کی جانب سے گذشتہ روز منعقد ہ جامع تاریخی سروے کی کامیابی کے بعد ضلع انتظامیہ نے سروے میں حاصل کئے گئے تفصیلات کو ویب سائیٹ پر درج کرنے کے اقدامات کا آغاز کردیا ہے ۔ ریاستی حکومت کی ہدایت کے مطابق سروے کی تفصیلات کو حکومتی ویب سائیٹ سے مربوط کرتے ہوئے راز میں رکھے جائیں گے ۔ سروے میں حاصل کئے گئے تفصیلات پر مشتمل کتابچے صندوقوں میں محفوظ کرتے ہوئے مستقر محبوب نگرمیں ڈاٹا انٹری سنٹرز منتقل کئے جارہے ہیں ۔ ڈاٹا انٹری کیلئے خصوصی سافٹ ویر اپ لوڈ کیا جارہا ہے ۔ ضلع کے تقریباً 10 لاکھ خاندانوں سے حاصل کردہ تفصیلات کی انٹری کیلئے 2 ہزار کمپیوٹرس اور 2300 آپریٹرس کی خدمات حاصل کی جارہی ہیں ۔ ڈاٹا انٹری کیلئے ضلع کلکٹر نے ریگولر آپریٹرس کے علاوہ کنٹراکٹ اور آوٹ سورسنگ کی اساس پر آپریٹرس سے درخواستیں طلب کی ہیں ۔ چیف سکریٹری ریمنڈ پیٹر نے ضلع کلکٹر کو ہدایت دی ہے کہ جس طرح سروے کا مرحلہ کامیابی کے ساتھ مکمل ہوا ۔ اسی طرح انٹری کا کام بھی اطمینان بخش طریقے سے مکمل کیا جائے ۔ احتیاط کے ساتھ غلطیوں کے بغیر انٹری کا کام کیا جائے ۔ تمام ڈاٹا فارمس کو اسکیان کرتے ہوئے ویب سائیٹ سے مربوط کرنا ہے ۔ اس کام میں عہدیداروں کا کوئی عمل دخل نہیں ہوگا ۔ ڈاٹا انٹری کیلئے فی فارم 5 روپئے معاوضہ مقرر کیا گیا ہے ۔ ضلع کلکٹر جی ڈی پریہ درشنی نے بتایا کہ 21 اگست سے انٹری کے کام کا آغاز ہوگا ۔ آپریٹرس کیلئے آج تربیتی کیمپ منعقد کیا گیا ہے ۔ ایڈیشنل جوائنٹ کلکٹر ڈاکٹر راجا رام می سیوا کے سپرنٹنڈنٹ وی سرینو ، این آئی سی آفیسر مورتی کو ڈاٹا انٹریز کے کام کی زائد ذمہد اری دی گئی ہے ۔