سرور نگر میں پولیس کا کارڈن اینڈ سرچ آپریشن

21 افراد گرفتار ، موٹر سائیکلس ، آٹو اور موٹر کارس ضبط
حیدرآباد/19 مارچ ( سیاست نیوز ) ایل بی نگر پولیس نے آج سرور نگر حدود میں کارڈن اینڈ سرچ آپریشن انجام دیا ۔ پولیس نے اس خصوصی دھاوے کے دوران بھگت سنگھ نگر کا محاصرہ کرلیا تھا اور آپریشن کے دوران گھر گھر تلاشی لی گئی ۔ ڈپٹی کمشنر آف پولیس ایل بی نگر مسٹر تفسیر اقبال کی زیر نگرانی یہ آپریشن انجام دیا گیا ۔ جس میں تقریباً 250 ملازمین نے شرکت کی ۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر آف پولیس ایل بی نگر زون مسٹر تفسیر اقبال نے بتایا کہ کمشنر پولیس سائبرآباد کی خصوصی ہدایت پر اس کارروائی کو انجام دیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ ان ملازمین کو 30 پولیس پارٹیوں میں تقسیم کیا گیا اور سارے علاقہ کا محاصرہ کرتے ہوئے تلاشی لی گئی ۔ ڈی سی پی تفسیر اقبال کے مطابق اس کارروائی میں 53 ٹو وہیلر موٹر سائیکل13 آٹوز اور 2 کاریں ضبط کرلی گئیں جبکہ 21 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا ۔ انہوں نے بتایا کہ ضبط شدہ گاڑیوں کی تحقیقات اور ان کے دستاویزات کی تنقیح و تصدیق کے بعد بیشتر گاڑیاں ان کے مالکین کے حوالے کردی گئیں ۔ ڈی سی پی نے بتایا کہ مشتبہ افراد میں تین سارقین بھی پولیس کے ہاتھ لگے جن میں ایک عادی سارق جو مکانات میں سرقہ کی وارداتیں انجام دیتا ہے اور دو عادی سارقین جو موٹر گاڑیوں کا سرقہ کرتے تھے پولیس نے انہیں گرفتار کرلیا ۔ انہوں نے بتایا کہ اس علاقہ کی عوام سے فرداً فرداً ملاقات کرتے ہوئے پولیس کے تعلق سے عوامی ردعمل حاصل کیا گیا اور عوام نے پولیس کی موجودہ پالیسیوں پر اپنا بہترین ردعمل ظاہر کیا اور پولیس کی کارروائی اقدامات اور رویہ پر اطمینان ظاہر کیا ۔ ڈی سی پی نے علاقہ میں پولیس کی گشت اور چوکسی کے تعلق سے بھی عوام سے دریافت کیا ۔ انہوں نے متعلقہ پولیس کو ہدایت دی کہ وہ بروقت چوکس رہیں اور عوام کے ساتھ بہترین تال میل کو قائم کریں ۔ اس موقع پر ایل بی نگر زون کے دیگر اعلی عہدیدار موجود تھے ۔