سرورنگر میں ٹمبر ڈپو میں آتشزدگی

شارٹ سرکٹ کے سبب حادثہ ، سلنڈرس پھٹنے سے دھماکے
حیدرآباد ۔ 5 جنوری ۔ ( سیاست نیوز) شارٹ سرکٹ کے سبب ٹمبر ڈپو میں آگ لگنے سے علاقہ سرورنگر میں سنسنی پھیل گئی ۔ بتایا جاتا ہے کہ ونود پٹیل نامی شخص سرورنگر کے ڈاکٹرس کالونی میں اُودے ٹمبر ڈپو چلارہا ہے اور یہاں پر آج صبح کی اولین ساعتوں میں آگ لگ گئی ۔ اس واقعہ کے بعد علاقہ میں سنسنی پھیل گئی کیونکہ ٹمبر ڈپو میں موجود گیاس سلینڈرس پھٹنے کے سبب زبردست دھماکے ہوئے ۔ سرورنگر پولیس نے ملک پیٹ ، حیات نگر ، ملکاجگیری اور دیگر فائر اسٹیشن سے  فائرانجن کو جائے حادثہ پر طلب کرلیا لیکن آگ شدت کی ہونے کے سبب ٹمبر ڈپو کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ چار گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پایا گیا۔ انسپکٹر سرورنگر مسٹر سی لنگیا نے بتایا کہ اس حادثہ میں ٹمبر ڈپو میں موجود فرنیچر کے علاوہ دو موٹر سیکلیں اور دیگر اشیاء جل کر خاکستر ہوگئے ۔ اس حادثہ میں اندازاً 20 لاکھ روپئے مالیتی ٹمبر جل کر خاکستر ہوگئے ۔ سرورنگر پولیس نے اس سلسلہ میں ایک مقدمہ درج کرلیا ہے ۔