حیدرآباد۔/17ڈسمبر، ( سیاست نیوز) پولیس نے آندھرا پردیش کے ایک تاجر کو گرفتار کرلیا جس نے سرمایہ کاروں کو دوگنی رقم واپس کرنے کا لالچ دے کر 3.5 کرور روپئے کا دھوکہ دیا تھا۔ ملزم بی وامسی موہن ریڈی کو جو ضلع گنٹور کا رہنے والا ہے پولیس نے مختلف اضلاع میں عوام سے 3.5کروڑ وصول کرنے کے الزام میں گرفتار کیا ہے۔ وہ اخبارات میں اشتہارات دے کر انٹر نیٹ کے ذریعہ روزانہ ایک فیصد منافع حاصل کرنے کی ترغیب دیتا تھا اس عمل کے ذریعہ اس نے عوام سے بھاری رقم اکٹھا کرلی۔ اس نے 10مختلف بینکوں میں اکاؤنٹس کھول لیئے تھے اس لئے کسٹمرس سے رابطہ کیلئے 8 مختلف موبائیل نمبرات کا استعمال کیا تھا اور پانچ مختلف ای میل آئی ڈیز بھی بنائے گئے تھے۔ وہ اپنے بینک اکاؤنٹ میں جمع ہوئی رقم نکال کر گوا جاتا اور عیش کرتا۔ کوئی کسٹمر دباؤ ڈالتا تو اس کو دوسرے کسٹمر کی رقم دے کر چپ کرالیتا تھا۔ سائبر کرائم سی آئی ڈی نے اس کیس کا پتہ چلا کر اسے گرفتار کیا ہے۔