سرقہ کی وارداتوں میں ملوث سارق گرفتار

محبوب نگر۔یکم جون، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) گذشتہ ماہ سرقہ کی واردات میں ملوث سارق کو جڑچرلہ پولیس نے گرفتار کرلیا۔ سارق اور اس کے معاونین کو محبوب نگر پولیس ہیڈ کوارٹر میں صحافیوں کے سامنے پیش کیا گیا۔ ضلع ایس پی راما راجیشوری نے صحافیوں کو تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ گزشتہ ماہ 30اپریل کی شب نکھل ایک کرایہ کی گاڑی میں 15لاکھ روپئے کے ساتھ حیدرآباد سے کرنول کیلئے نکلا، زم زم ہوٹل جڑچرلہ میں رات کے کھانے کیلئے توقف کیا اسی دوران نامعلوم شخص نے 15لاکھ روپئے سرقہ کرلئے چنانچہ یم نکھل نے جڑچرلہ پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کروائی۔ پولیس اور سی سی ایس عہدیدار بالآخر سارق کو گرفتار کرنے میں کامیاب رہے۔ کار میں سرقہ کسی اور نے نہیں کیا بلکہ کار چلانے والا ڈرائیور بھاسکر موضع کرنول سے تعلق رکھتا ہے۔ اپنے رشتہ داروں مدی لیٹی اور تما اپا کے تعاون سے 15لاکھ روپئے چرالئے۔ پولیس نے سارق کے قبضہ سے 15لاکھ روپئے برآمد کرلئے۔ مسروقہ رقم ضبط کرنے پر جڑچرلہ کے سرکل انسپکٹر گنگا دھر اور ان کے ماتحتین کی ستائش کی گئی اور نقد رقم انعام کی شکل میں دی گئی۔ اس موقع پر ایڈیشنل ایس پی اور ڈی ایس پی بھی موجود تھے۔