سرقہ کی سنگین وارداتوں میں دورکنی سارقین کی ٹولی گرفتار

حیدرآباد ۔ /12 فبروری (سیاست نیوز) سرقہ کی سنگین وارداتوں میں ملوث دو رکنی سارقین کی ٹولی بشمول ایک ایم ٹیک طالبعلم کو پولیس گولکنڈہ نے گرفتار کرلیا ۔ ڈپٹی کمشنر پولیس ویسٹ زون مسٹر اے آر سرینواس نے بتایا کہ 19 سالہ محمد صلاح الدین خاں جو پیشہ سے بائیک میکانک ہے اپنے ساتھی 23 سالہ مرزا مقیم بیگ ساکن ٹولی چوکی جو ایم ٹیک کا طالبعلم ہے کے ہمراہ علاقہ گولکنڈہ میں 3 سرقہ کی سنگین وارداتوں میں ملوث ہوئے ۔ ڈی سی پی نے کہا کہ جاریہ سال /4 جنوری کو ریٹائرڈ سرکاری ملازم اعجاز احمد ساکن ٹولی چوکی نے پولیس گولکنڈہ سے شکایت درج کروائی جس میں کہا کہ وہ ایک شادی کی تقریب میں گئے ہوئے تھے اور واپس لوٹنے پر ان کے مکان میں قفل شکنی کے ذریعہ نامعلوم سارقین داخل ہوکر نقد رقم ، طلائی زیورات اور قیمتی نگینوں کا سرقہ کرلیا گیا ۔ اسی طرح دیگر دو درخواست گذاروں نے بھی پولیس سے شکایت درج کروائی اور سنگین سرقہ کی واردات کی اطلاع دی ۔ گولکنڈہ پولیس کے کرائم اسٹاف نے خفیہ اطلاع حاصل کرنے کے بعد صلاح الدین اور مقیم بیگ کو شبہ کی بنیاد پر حراست میں لے کر تفتیش کی جس میں دونوں نے مبینہ طور پر ارتکاب جرم کیا ۔ پولیس نے گرفتار ملزمین کے قبضے سے 13 تولے طلائی زیورات ، 1.5 نقد رقم جملہ 5.4 مالیتی مسروقہ مال برآمد کرتے ہوئے دونوں کو عدالت میں پیش کرتے ہوئے جیل منتقل کردیا ۔ اس کیس میں مسروقہ مال خریدنے والے زین فاروقی کی پولیس کو تلاش ہے ۔