سرقہ کرکے قتل کرنے والی تین رکنی ٹولی گرفتار

شمس آباد /27 مارچ ( سیاست نیوز) شمس آباد کے مختلف مقامات اور شادنگر اور پہاڑی شریف میں خواتین کے گلے سے چین وغیرہ چھینے اور ان کا قتل کرنے والی تین رکنی ٹولی کو شمس آباد آر جی آئی پولیس نے گرفتار کرلیا ۔ شمس آباد ڈی سی پی مہیش نائیڈو نے پریس میں مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ایم سرینواس ساکن محبوب نگر اپنے دو ساتھیوں ایم روی اور آر نرسمہا کے ساتھ ملکر مختلف سیندھی کمپاونڈ میں تنہاخواتین کو نشانہ بناکر تنہا مقام لیجاکر اس کے پاس سے رقم اور زیورات سرقہ کرلیا کرتے تھے اور خاتون کی چیخ و پکار پر انہیں انہی کی ساڑی سے گلا گھونٹ کر قتل کردیا جاتا تھا ۔ ایم سرینواس جملہ گیارہ کیسوں میں ملوث ہے۔جبکہ روی اور نرسمہا چار کیسوں میں ملوث ہے ۔ ایم سرینواس شمس آباد آر جی آئی پلیس حدودمیں چار شادنگر پولیس حدود میں 6 اور پہاڑی شریف میں ایک کیس میںملوث ہے ۔ روی شمس آباد آر جی آئی میں تین اور نرسمہا آر جی آئی میں ایک اور شادنگر میں تین کیسوں میں ملوث ہیں ۔تینوں نے ملکر شمس آباد آر جی آئی پولیس حدود میں تین اور شادنگر پولیس حدود میں دو جملہ پانچ خواتین کا قتل کیا ۔ تینوں ملکر کمپاونڈ میں خواتین کو بہتر روزگار فراہم کرانے کاجھانسہ دیتے ہوئے کثرت سے سیندھی پلاکر ان کے پاس موجود زیورات کا سرقہ کرنے اور ان تینوں نے ملکر پانچ خواتین کے قتل میں بھی شامل ہیں ۔ شمس آباد ڈی سی پی نے بتایا کہ شمس آباد کے مختلف مقامات پر خواتین کے نعش پائی گئی تھی جس کے بعد 174 سیکشن کے تحت مقدمات درج کئے گئے تھے پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد مقدمات میں سیکشن کو تبدیل کیاگیا ۔ جس کے بعد شمس آباد کے مختلف کمپاونڈزپر نگاہ رکھتے ہوئے تین افرادکو شک کی بناء حراست میں لیتے ہوئے تفتیش کرنے پر تینوں نے اقبال جرم کا انکشاف کیا ۔ تینوںکو گرفتار کرتے ہوئے ان کے قبضہ سے 2.66 کیلو چاندی 25 گرام سونا اور دو موٹر سائیکل برآمد کرلئے گئے ۔