حیدرآباد ۔ 11 جون (سیاست نیوز) گاندھی نگر پولیس نے سرقہ کی وارداتوں میں ملوث بی کام کے طالب علم کو گرفتار کرلیا اور اس کے قبضہ سے مسروقہ اشیاء برآمد کرلی۔ بتایا جاتا ہیکہ شریمتی سوورنا دالوی جو پیشہ سے ٹیچر نے گاندھی نگر پولیس سے 30 مئی کو شکایت درج کروائی تھی جس میں بتایا کہ ان کے مکان سے طلائی زیورات اور نقد رقم کا سرقہ کرلیا گیا ہے۔ پولیس نے سرقہ کا ایک مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کیا تھا اور شبہ کی بنیاد پر 19 سالہ بیلم کنڈا وینکٹ سائی کمل جو بی کام کا طالب علم ہے اور خاتون ٹیچر کا پڑوسی بھی ہے، کو حراست میں لے کر تفتیش کی جس میں اس نے یہ انکشاف کیا کہ نقلی چابیوں کی مدد سے سوورنا کی غیرموجودگی میں 12 تولے طلائی زیورات اور لیاپ ٹاپ کا سرقہ کیا تھا۔ مزید تفتیش میں سائی کمل نے بتایا کہ اپنی خواہشات کی تکمیل کیلئے اس نے یہ سرقہ کیا تھا۔ پولیس نے طالب علم کے قبضہ سے مسروقہ طلائی زیورات اور لیاپ ٹاپ جس کی مالیت 3 لاکھ بتائی جاتی ہے، برآمد کرتے ہوئے اسے جیل بھیج دیا۔