سرقہ میں ملوث اے سی میکانک گرفتار

حیدرآباد 16 اکٹوبر (سیاست نیوز)راجندر نگر پولیس نے سرقہ کی واردات میں ملوث ایک اے سی میکانک کو گرفتار کرلیا اور اس کے قبضہ سے مسروقہ مال برآمد کرلیا ۔انسپکٹر راجندر نگر مسٹر ایس وینکٹ ریڈی نے بتایا کہ 27 سالہ محمد ہاشم نے ڈی موہن ساکن حیدرگوڑہ ضلع راجندر نگر کو اس وقت ٹھگ لیا تھا جب وہ آٹو کے ذریعہ مہدی پٹنم جارہا تھا۔ پولیس نے بتایا کہ درخواست گذار موہن کی توجہ ہٹانے کیلئے ہاشم نے منصوبہ بند طریقے سے اس کی گاڑی سامنے گر پڑا اور اس پر ٹکر دینے کا الزام لگا کر دھمکانے لگا ۔ ہاشم نے درخواست گذار کے دو سونے کی انگوٹھیاں ،1200 روپئے نقد رقم ،موبائیل فون و دیگر اشیاء لوٹ لئے ۔ پولیس نے گرفتار ملزم کے قبضہ سے مسروقہ مال برآمد کرتے ہوئے اسے عدالت میں پیش کرنے کے بعد جیل منتقل کردیا ۔