سرفراز کی پہلے ٹی 20 میں شرکت کا امکان

دبئی ۔ 22اکٹوبر(سیاست ڈاٹ کام) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کی فٹنس میں بہتری آئی ہے اور وہ چہارشنبہ کو آسٹریلیا کے خلاف پہلے ٹی 20 میں شرکت کے لیے پرعزم ہیں۔ سرفراز احمد کی فٹنس میں بہتری آئی ہے اور وہ پریکٹس سیشن میں حصہ لیں گے، دو دن آرام سے انھیں فائدہ ہوا اور اب سر میں تکلیف کم ہو گئی ہے،وہ آسٹریلیا کے خلاف پہلے ٹی ٹوئنٹی میں شرکت کیلیے پرعزم ہیں۔ یاد رہے کہ آسٹریلیا کیخلاف ابوظہبی ٹسٹ کی دوسری اننگز میں بیٹنگ کے دوران سرفراز کے ہیلمٹ پر گیند لگ گئی تھی جس کی وجہ سے چوتھے دن محمد رضوان سے وکٹ کیپنگ کروائی گئی تھی۔ سرفراز کو ڈاکٹر نے 48 گھنٹے آرام کا مشورہ دیا تھا، اسی میچ کی پہلی اننگز میں بھی دوران بیٹنگ سرفراز کے کاندھے پر گیند لگ گئی تھی جس کے بعد رضوان کو بطور وکٹ کیپر استعمال کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا، اس کے لیے میچ ریفری سے خصوصی اجازت لی گئی تھی، رضوان اے ٹیم کے ساتھ پہلے ہی یو اے ای میں موجود تھے۔