سرفراز کو ونڈے کپتان بنانے کا فیصلہ

لاہور۔27 جنوری (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان کرکٹ بورڈ( پی سی بی) نے ٹیم پر بوجھ بننے والے کھلاڑیوں سے جان چھڑانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق اظہر علی بطور ونڈے کپتان اپنا آخری میچ کھیل چکے ہیں اب وکٹ کیپر سرفراز احمد کو ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز میں ونڈے کپتان مقرر کئے جانے کا امکان ہے۔ پی سی بی نے 35 برس سے زائد عمر کے کرکٹرز کو الودع کہنے کا فیصلہ بھی کر لیا ہے۔ مصباح الحق، یونس خان، محمد حفیظ اور شعیب ملک زندگی کی35  بہاریں دیکھ چکے ہیں۔ مصباح الحق کی خدمات کو دیکھتے ہوئے ٹسٹ کپتان کو ویسٹ انڈیز کے دورے تک مہلت مل سکتی ہے۔ 42 سالہ کپتان پی ایس ایل میں اپنی فٹنس اور فارم کا جائزہ لینے کے بعد پی سی بی کو سبکدوشی کے بارے میں بتائیں گے۔ چیف سلیکٹر انضمام الحق یونس خان کو بھی مزید مواقع دینے کے حق میں نہیں ہیں۔ ان تبدیلیوں کا مقصد ورلڈ کپ 2019ء کے لئے مضبوط ٹیم بنانا اور ڈومیسٹک کرکٹ میں مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کو موقع دینا ہے۔