کراچی۔11 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان معین خان نے کہا ہے کہ نئے پاکستان میں پرانے لوگوں کو فروغ دینے سے گریز کیا جائے۔ سرفراز احمد پاکستانی ٹیم کی کپتانی کامیابی سے کررہے ہیں۔ پی سی بی انتظامیہ اب سوچ وبچار کے بجائے عملی اقدامات کرے اور سرفراز احمد کو ورلڈ کپ تک پاکستان ٹیم کا کپتا ن مقرر کیا جائے اور ان کے ساتھ کسی نوجوان کرکٹر کو ان کے نائب کی حیثیت سے تیار کیا جائے۔ تاکہ وقت پڑنے پر نائب کپتان بھی قیادت کی باگ دوڑ سنبھال سکے۔ 69 ٹسٹ اور 219 ونڈے کھیلنے والے46 سالہ معین خان نے کہا کہ ورلڈ کپ زیادہ دور نہیں ہے اگر سرفراز احمد کو ابھی سے کپتان بنا دیا گیا تو وہ ہیڈ کوچ مکی آرتھر اور سلیکشن کمیٹی کے ساتھ اپنا منصوبہ بناسکیں گے۔ڈریسنگ روم میں اگر کسی کو ان کی کپتانی کے بارے میں جو ابہام ہے اس کا بھی خاتمہ ہوجائے گا۔ سیریز در سیریز کپتان بنانے کی روایت درست ہے لیکن میگا ایونٹ اب زیادہ دور نہیں ہے اس لئے سرفراز احمد کو کپتان بنانے کا باضابطہ اعلان کیا جائے۔ نئے چیئر مین نئے پاکستان میں پرانے لوگوں کو لانے سے اجتناب برتیں۔