سرفراز کو نہ کھلانا ورلڈ ٹی ٹوئنٹی سے قبل تجربے کا حصہ: آفریدی

کراچی، 6 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی نے سری لنکا کے خلاف حالیہ ٹی ٹوئنٹی سیریز میں وکٹ کیپر بلے باز سرفراز احمد کو نہ کھلانے کی وجہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی سے قبل مختلف تجربات کررہے ہیں اور اسی وجہ سے سرفراز کو آرام کا موقع دیا گیا۔ میڈیا کے مطابق اسٹار آل راؤنڈر نے کراچی میں ’دارالسکون‘ کا دورہ کیا جہاں موجود بچوں کیساتھ انہوں نے کچھ وقت گزارا۔ آفریدی فاؤنڈیشن کی جانب سے دارالسکون کو بیس لاکھ روپے کا چیک دیا گیا۔ بعدازاں میڈیا سے بات کرتے ہوئے ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان نے سری لنکا کیخلاف سرفرازاحمد کو نہ کھلانے کی وجہ بیان کی۔ انھوں نے کہا کہ سرفراز ٹیم کا اہم حصہ ہے، وہ دلیر کھلاڑی ہے جو کسی بھی نمبر پر کھیل سکتا ہے۔