حیدرآباد ؍ ممبئی ۔ 11 فبروری (سیاست نیوز) آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ کا دسواں ایڈیشن متحدہ عرب امارات میں 14 فبروری تا یکم ؍ مارچ کھیلا جائے گا جہاں ہندوستانی ٹیم اپنے خطاب کا دفاع کرے گی لیکن اس مرتبہ قومی ٹیم میں جن کھلاڑیوں کا مظاہرہ توجہ کا مرکز ہوگا ان میں حیدرآباد کے سی وی ولن، کیرالا کے سامسن، مہاراشٹرا کے کپتان وجئے ذول اور ممبئی کے باصلاحیت آل راونڈر سرفراز نوشاد خان قابل ذکر ہیں۔ حیدرآباد کے سینئر کوچ نعیم خان نے ان خیالات کا اظہار کرنے کے علاوہ سرفراز نوشاد خان کو سابق کپتان کپل دیو کا جانشین قرار دیا اور کہا کہ وہ 12 برس کی عمر سے ہی اپنی آل راونڈ صلاحیتوں کی وجہ سے خصوصاً کوچس کی توجہ اپنی جانب مبذول کرلی ہے۔ 12 سال کی عمر میں انہوں نے ہاریس شیلڈ کے ایک مقابلے میں باندرہ اسپرنگ فیلڈ کی نمائندگی کرتے ہوئے انڈین ایجوکیشن سوسائٹی کے خلاف 439 رنز کا عالمی ریکارڈ مظاہرہ کیا ہے۔
ورلڈ کپ میں 16 سال کی عمر کی وجہ سے وہ نوجوان کھلاڑی کے زمرہ میں شامل ہیں۔ 15 برس کی عمر میں وہ وینود منکٹ ٹرافی کے ایک مقابلہ میں سوراشٹرا کے خلاف ایک اوور میں 32 رنز اسکور کرنے کے علاوہ 97 گیندوں میں 157رنز کی یادگار اننگز بھی کھیلی ہے۔ انڈر 19 میں وہ جنوبی افریقہ ، سری لنکا اور زمبابوے کے خلاف بھی مظاہرہ کرچکے ہیں۔