بنگلور ۔یکم مئی ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) انڈین پریمیئر لیگ ( آئی پی ایل ) میں سب سے کم عمر بیٹسمین سرفراز خاں جنھوں نے گزشتہ میچ میں اپنی ٹیم رائل چیلنجرس بنگلور ( آر سی بی ) کیلئے راجستھان رائلز کے خلاف طوفانی بیٹنگ کرتے ہوئے صرف 21 گیندوں میں 45 رن بنایا تھا اب آئندہ سال بنگلہ دیش میں ہونے والے انڈر 19 ورلڈ کپ میں اپنے ملک کی نمائندگی پر نظریں مرکوز کرچکے ہیں۔ 17 سالہ سرفراز خاں دولت سے مالا مال ٹی ۔ 20 لیگ میں شاندار کھیل کے مظاہرے کے ذریعہ قومی کرکٹ سلیکٹرس کو متاثر کرنا چاہتا ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ’’سندیپ سنگھ ، سنجیوسیمسن ، کلدیپ سنگھ نے آئی پی ایل میں بہتر کھیل کے مظاہرے کے بعد بھی اچھا کھیلا ہے میں بھی ایسا ہی کرنا چاہتا ہوں ‘‘ ۔ سرفراز نے 2009 ء کے دوران ایک انٹراسکول میچ کے دوران 421 گیندوں میں 439 رن بناتے ہوئے سچن کے اسکولی تعلیم کے دوران بنائے گئے ریکارڈ کو توڑ دیا تھا ۔