کراچی۔29 نومبر (سیاست ڈاٹ کام )پاکستانی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے ڈومیسٹک کرکٹ میں مستقل عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے فواد عالم کی ٹیم میں شمولیت کی امید ظاہر کرتے ہوئے توقع کی کہ وہ ٹیم میں شمولیت پر بھی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کریں۔کراچی کے مقامی ہوٹل میں منعقدہ تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے سرفراز احمد نے کہا کہ سلیکٹرز اور کوچز نے فواد کو نیشنل کرکٹ اکیڈمی طلب کیا ہے، امید ہے کہ فواد کو جلد ٹیم میں شامل کیا جائے گا اور ڈومیسٹک کرکٹ کی طرح عالمی سطح پر بھی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔انہوں نے کہا کہ سلیکشن کمیٹی میرا بھرپور تعاون کرتی ہے، کھلاڑیوں کے انتخاب میں میری رائے لی جاتی ہے اور سب کی مشاورت سے ٹیم کا انتخاب کیا جاتا ہے اور جس کھلاڑی کی بھی ضرورت ہو، سلیکٹرز کوشش کرتے ہیں کہ ٹیم کی ضرورت کے مطابق اسے منتخب کریں۔