دبئی۔5 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام ) وکٹ کیپر بیٹسمین سرفراز احمد ٹسٹ مقابلوں کے بعد ٹوئنٹی20 میں بھی شاندار مظاہر کیا ہے اور ان کی شاندار بیٹنگ کی بدولت پاکستان نے پہلے ٹوئنٹی 20 میں نیوزی لینڈ کو سات وکٹ سے شکست دی۔ میزبان ٹیم نے 136 رنز کا نشانہ 20ویں اوور کی پہلی گیند پر حاصل کرلیا۔ سرفراز احمد نے بحیثیت اوپننگ بیٹسمین کھیلتے ہوئے 75 رنز کی اننگز 62 گیندوں پر 8 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے کھیلی۔ عمر اکمل نے 14گیندوں پر دھواں دھار 27 رنز تین چوکوں اور ایک چھکے کے ساتھ اسکور کئے۔ نشانہ کے تعاقب میںپاکستانی اوپنرز نے ٹیم کو 51 رنز کا بہتر آغاز فراہم کیا۔ اوپنر اویس ضیا 20رنز بناسکے۔محمد حفیظ صرف دو رنز بناکر رن آوٹ ہوئے۔ حارث سہیل نے 11رنز بنائے۔ پاکستان کے دو بیٹسمین رن آوٹ ہوئے۔ قبل ازیں فلڈ لائٹ میں منعقدہ پہلے ٹوئنٹی20 میچ میں پاکستانی کپتان شاہد آفریدی نے ٹاس جیت کر مہمان ٹیم کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی۔ نیوزی لینڈ نے مقررہ20 اوورز میں سات وکٹ پر 135رنز بنائے۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے مارٹن گپٹل اور کین ولیمسن نے اننگز کا آغاز کیا۔
تاہم انور علی نے پہلے اوور کی تیسری گیند پر ولیمسن کو ایل بی ڈبلیو کر دیا۔ اگلے ہی اوور میں سہیل تنویر نے دیوچچ کوپویلین واپس بھیج دیا، وہ ایک رن بنا سکے۔پاکستان کو تیسری کامیابی تیسرے اوور میں ملی جب محمد عرفان کی گیند پر راس ٹیلر عمر اکمل کو کیچ دے بیٹھے۔ چوتھی وکٹ کے لئے مارٹن گپٹل اور کورے اینڈرسن کے درمیان 46رنز کی شراکت ہوئی جس کا خاتمہ شاہد آفریدی نے گپٹل کو بولڈ کر کے کیا۔ انھوں نے 32 رنز بنائے۔ کورے اینڈرسن نے چار چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 48رنز کی اننگز کھیلی۔ وہ رضا حسن کی گیند پر سعید نسیم کو کیچ دے بیٹھے۔ نیوزی لینڈ نے میٹ ہینری کو ٹوئنٹی20 کے کیریئر کے آغاز کا موقع دیا۔ رونچی نے چار چوکوں کی مدد سے 33رنز اسکور کئے،نیتھن مکالم اور ملنی ایک اور دو رنز پر ناٹ آوٹ ہوئے۔ سہیل تنویر اور محمد عرفان نے 24اور27رنز کے عوض فی کس دو وکٹ لئے۔ انور علی نے15، رضاحسن نے 24اور شاہد آفریدی نے27 رنز دے کرفی کس ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دیکھائی۔