کراچی، 2 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) آسٹریلیا کے خلاف حال میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے وکٹ کیپر بلے باز سرفراز احمد رواں سال ورلڈ کپ میں بھی فارم برقرار رکھنے کیلئے پرامید ہیں۔ سرفراز نے آسٹریلیا کے خلاف اکٹوبر میں یو اے ای میں منعقدہ ٹسٹ سیریز میں شاندار کارکردگی دکھانے کے ساتھ ساتھ ایک روزہ میچز میں پرفارمنس کا تسلسل برقرار رکھا جس نے ان کی نیشنل اسکواڈ میں مستقل شمولیت پر مہر ثبت کردی اور وہ وکٹ کیپر بلے باز کی حیثیت سے ٹیم کے اہم رکن طور پر ابھر کر سامنے آئے۔ سرفراز نے مضبوط آسٹریلیائی فاسٹ بولنگ کو پیٹنے کے بعد نیوزی لینڈ کے خلاف ونڈے سیریز میں بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ۔