سرفراز احمد ستارہ امتیاز پانے والے سب سے کم عمرکرکٹر

کراچی۔24مارچ (سیاست ڈاٹ کام)پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفرازاحمد ملک کا تیسرا بڑا ایوارڈ ستارہ امتیاز پانے والے سب سے کم عمر پاکستانی کرکٹر بن گئے ہیں۔انہوں نے ریکارڈ ساز بیٹسمین یونس خان کے ہمراہ گورنر ہاؤس میں سندھ کے گورنر محمد زبیر سے اعزازات وصول کئے۔ ان کے علاوہ آل راؤنڈر شاہد آفریدی اور سابق کپتان مصباح الحق بھی ستارہ امتیاز کیلئے نامزد کئے گئے ہیں۔اس سے قبل چار کرکٹرز جاوید میانداد، انضمام الحق، محمد یوسف اور سعید اجمل کو بھی پاکستان کے تیسرے بڑے ایوارڈ سے نوازا جا چکا ہے۔ستارہ امتیاز ملنے کے بعد سرفراز احمد نے کہا تھا کہ پاکستانی اس اہم ایوارڈ ملنے پر وہ اللہ تعالیٰ کے شکرگزار ہیں اور یہ ان کیلئے نہیں بلکہ خاندان بھر کیلئے باعث فخر لمحہ ہے اور عوامی سطح کے اعزازات سے کھلاڑیوں کا حوصلہ بڑھتا ہے۔