سرفراز احمد ، پاکستانی ٹسٹ ٹیم کے نئے کپتان متوقع ، شہریار خاں کا اشارہ

 

لندن /25 جون (سیاست ڈاٹ کام) مصباح الحق کی ریٹائرمنٹ کے بعد قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان کی ’اسامی‘ تاحال خالی ہے اور پاکستان ٹیم کا اگلا دورہ اکتوبر میں ہونے کے باعث شائد پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو بھی نئے کپتان کا اعلان کرنے میں کوئی جلدی نہیں تاہم چیئرمین شہریار خان نے اب یہ عندیہ ضرور دیدیا ہے کہ اس ’اسامی‘ کا سب سے مضبوط امیدوار آخر کون سا کھلاڑی ہے۔ نجی خبر رساں ادارے ایکسپریس ٹریبیون کو دئیے گئے انٹرویو میں شہریار خان نے سرفراز احمد کی ون ڈے انٹرنیشنل اور ٹی 20 ٹیم کے کپتان کی حیثیت سے نہ صرف تعریف کی بلکہ اکتوبر میں سری لنکا کے اکتوبر میں دورہ دبئی سے پہلے انہیں ٹیسٹ ٹیم کا کپتان بنائے جانے کا عندیہ بھی دیدیا۔ انہوں نے کہا کہ ’’سرفراز پہلے ہی ٹیسٹ ٹیم کا نائب کپتان ہے۔ مصباح ریٹائر ہو چکا ہے۔ ہماری اگلی سیریز اکتوبر میں سری لنکا کے خلاف ہے، اور مجھے اس سے پہلے نئے کپتان کا اعلان کرنا ہے۔ اس لئے، آپ بخوبی اندازہ لگا سکتے ہیں کہ ہم کسے کپتان بنانے جا رہے ہیں۔‘‘ اس موقع پر انہوں نے سرفراز احمد کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ’’میں اس معاملے پر پہلے ہی بہت سے لوگوں سے مشورہ کر چکا ہوں اور میں چند مزید لوگوں سے بھی مشورہ کرنے کا سوچ رہا ہوں۔
لیکن سچ کہا جائے، تو سرفراز احمد نے ون ڈے انٹرنیشنل اور ٹی 20 کپتان کی حیثیت سے بہترین نتائج دئیے ہیں۔‘‘شہریار خان آئی سی سی چیمپینز ٹرافی میں سرفراز احمد کی پختہ سوچ اور میچ کا پانسہ پلٹ دینے والے فیصلوں کی تعریف کرنا بھی نہ بھولے اورکہا کہ ’’سرفراز بہت سمجھدار ہو گیا ہے، اس نے چیمپینز ٹرافی کے دوران بیٹنگ اور باؤلنگ میں اہم تبدیلیاں کیں۔