نئی دہلی ۔2 اپریل (سیاست ڈاٹ کام ) انڈین پریمیرلیگ (آئی پی ایل) میں بیٹسمین کئی طرح کے عجیب وغریب شاٹ کھیل کرسرخیاں بناتے ہیں لیکن کنگس الیون پنجاب کے نوجوان بیٹسمین سرفرازخان ایک شارٹ کے لئے اپنی جان خطرے میں ڈال رہے ہیں۔ دہلی کیپٹلس کے خلاف سرفرازنے 39 رنوں کی اننگ کھیلی اوراس دوران انہوں نے ایسا شاٹ کھیلا، جس نے ان کی ٹیم کے کپتان آراشون تک کے ہوش اڑا دیئے۔ سرفرازخان نے 9 ویں اوورکی پانچویں گیند پراسکوپ شارٹ کھیلا۔ یہ شارٹ انہوں نے اویس خان کی گیند پرکھیلا، جس کی رفتار136 کلو میٹرفی گھنٹے سے زیادہ تھی۔ بڑی بات یہ ہے کہ یہ گیند اسکوپ شارٹ کھیلنے کے لائق نہیں تھی۔ انہوں نے کافی نیچے سے وکٹ کے درمیان اس گیند کو اسکوپ کیا۔ یہ شارٹ دیکھ کر ڈگ آوٹ میں بیٹھے آراشون حیران رہ گئے۔ اویس خان کو بھی یقین نہیں ہوا کہ سرفرازنے اس گیند کو اسکوپ کردیا ہے۔ راجستھان کے خلاف مقابلے میں بھی سرفرازخان نے اسکوپ شاٹ کھیلا تھا، جس کے بعد بین اسٹوکس کی ہنسی چھوٹ گئی تھی۔ سرفرازخان نے میچ کے بعد انکشاف کیا تھا کہ ان کے والد یہ شاٹ کھیلتے تھے اورانہوں نے ہی سرفرازکو یہ شاٹ سکھایا تھا۔