مانچسٹر ، 8 سپٹمبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان نے شرجیل خان اور خالد لطیف کی شاندارنصف سنچریوں کی بدولت انگلینڈ کو واحد ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں 9 وکٹ سے شکست دے کر طویل دورے کا کامیابی کے ساتھ عمدہ اختتام کیا۔ شرجیل اور خالد نے انگلش بولروں کا چوکوں سے استقبال کیا اور گراؤنڈ کے چاروں طرف شاٹس کھیل کر پاکستان کو 136 کے نسبتاً آسان ٹارگٹ کے حصول کی سمت گامزن کردیا۔ شرجیل نے 2016 ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے فائنل میں ناقص بولنگ کی وجہ سے انگلینڈ کی شکست کا سبب بننے والے آل راؤنڈر بین اسٹوکس کو 5 ویں اوور میں 2 چوکے اور ایک چھکا رسید کرتے ہوئے 16 رنز حاصل کئے۔ یہ اسٹوکس کا ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے بعد پہلا ٹی ٹوئنٹی رہا۔ شرجیل نے اپنی دوسری ٹی ٹوئنٹی نصف سنچری (59 رنز، 36 گیندیں) میں 3 چھکے اور 7 چوکے لگائے۔ شرجیل اور خالد کے درمیان 107 رنز کی بہترین شراکت بنی اور پاکستان جیت کے قریب پہنچ گیا۔ خالد نے 42 گیندوں میں 59 رنز (2 چھکے، 8 چوکے) کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی اور ناٹ آؤٹ رہے۔ دیگر ناٹ آؤٹ پاکستانی بابراعظم (15 رنز) نے پندرہویں اوور میں وننگ باؤنڈری لگائی۔ سرفرازاحمد کی قیادت میں پہلا میچ کھیلنے والی پاکستانی ٹیم میں بابراعظم اور حسن علی کو شامل کیا گیا جو اپنے ٹی ٹوئنٹی کیریئرکا آغاز کررہے تھے۔ رواں سال ہندوستان میں کھیلے گئے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان کی ناقص کارکردگی کے بعد شاہد آفریدی کی جگہ سرفرازاحمد کو نیا کپتان مقرر کیا گیا تھا۔ پاکستان نے انگلینڈ کے خلاف لارڈز ٹسٹ میں کامیابی کے ساتھ جس طرح اپنے ٹور کا آغاز کیا تھا، اسی طرح جیت کے ساتھ اختتام کیا ہے۔ قبل ازیں اوئن مورگن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا انتخاب کیا۔ الیکس ہیلز اور جیسن روئے کے جارحانہ آغازکے باوجود پاکستان کی نپی تلی بولنگ کے سامنے انگلش ٹیم بڑا اسکور کھڑا کرنے میں ناکام رہی اور 135/7 بنائے۔ انگلش اننگز میں 37 کا ٹاپ اسکور ہیلز کا ہے جنھیں عماد وسیم (2/17) نے بولڈ کیا۔ کیپٹن مورگن صرف 14 رنز بناپائے ۔ انھیں وہاب ریاض (3/18) نے آؤٹ کیا۔ پاکستان کی طرف سے محمد عامر (0/33) اور ٹیم میں ایک سال بعد واپس آل راؤنڈر سہیل تنویر (0/35) ناکام ہوئے لیکن حسن علی (2/24) نے بقیہ وکٹیں حاصل کئے۔ ’مین آف دی میچ‘ وہاب نے ونڈے سیریز میں ناقص کارکردگی دکھانے کے بعد ٹی ٹوئنٹی میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔