سرسلہ کو نمبر ون شہر میں تبدیل کرنے کا عزم

اپاریل پارک کے ذریعہ روزگار کے مواقع، پٹہ جات کی تقسیم تقریب سے کے ٹی آر کا خطاب

گمبھی راؤ پیٹ۔ /20 فروری، (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) اپاریل پارک کی تکمیل کے بعد علاقہ کے بیروزگاروں کو روزگار سے جوڑا جائے گا۔ سرسلہ میں عنقریب شروع ہونے والے اس اپاریل پارک میں 8 تا10 ہزار خواتین کو تربیت دی جائے گی اور انہیں ماہانہ 8 تا10 ہزار روپئے کی آمدنی کے ذریعہ خود کفیل بنایا جائے گا۔ یہاں اندرون ایک سال قائم کئے جانے والے اپاریل پارک میں بنکروں کو بھی خاطر خواہ فائدہ ہوگا جو ماہانہ 10 ہزار تا30 ہزار روپئے کمانے کے موقف میں ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار تلنگانہ راشٹرا سمیتی ورکنگ پریسیڈنٹ و رکن اسمبلی حلقہ سرسلہ کے ٹی راما راؤ نے کیا۔ وہ یہاں سرسلہ کالج گراؤنڈ پر مکانات کے مالکان کو پٹہ جات کی تقسیم کے ایک پروگرام کو مخاطب کررہے تھے۔ انہوں نے اپنے خطاب میں سرسلہ میں انجام دیئے جانے والے ترقیاتی کاموں کا تذکرہ کیا اور کہا کہ سرسلہ میں مثالی ترقی دی جائے گی تاکہ سرسلہ ریاست بھر میں نمبر ون علاقہ کہلانے کے قابل بن سکے۔ انہوں نے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی جانب سے تلنگانہ میں منصوبہ بند طریقے سے انجام دیئے جانے والے ترقیاتی کاموں اور اسکیمات کا ذکر کیا اور کہاکہ آئندہ دنوں سرسلہ کا سارا علاقہ سرسبز و شاداب ہوجائے گا۔ مڈ مانیر پراجکٹ کا تعمیری کام مکمل ہوچکا ہے۔ جس کے ذریعہ ملک پیٹ ریزروائر میں پانی لایا جائے گا۔ اس کے بعد علاقہ میں مزید ایک اور واقع پراجکٹ آلیر مانیر پراجکٹ میں پانی لایا جائے گا تاکہ کاشتکاروں کا دیرینہ خواب پورا ہوسکے اور ان کی تمام تر اراضی کاشت کے قابل ہو۔ انہوں نے کہا کہ حلقہ اسمبلی سرسلہ میں ہر لحاظ سے ترقیاتی کاموں کو انجام دیا جارہا ہے۔ جس کی سابق میں کوئی مثال نہیں ملتی۔ کاشتکاری ہوکر پینے کے لئے پانی اور کئی ترقیاتی کاموں کو انجام دیا گیا تاکہ عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی عمل میں لائی جاسکے۔ واضح رہے کہ اس پروگرام میں سروے نمبر 703 اور پروسیڈنگ نمبر B5/757/1981 کے تحت تقریباً ساڑھے تین ہزار افراد جو کہ رینی چیرو کے شکم میں قیام پذیر ہیں کو پٹہ جات کی تقسیم عمل میں لائی گئی۔ اس پروگرام میں ضلع کلکٹر وینکٹ رام ریڈی، جوائنٹ کلکٹر یاسمین باشاہ کے علاوہ دیگر موجود تھے۔