سرسلہ کو ساڑیوں کی تیاری کا مرکز بنانے کی کوشش

معروف فیشن ڈیزائنر شیلجا رجنی کانت کا بیان
سرسلہ یکم / ستمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز )سرسلہ منڈل میں کلکٹر گود لئے ہوئے گاؤں راجیو نگر جو کپڑا بنکروں کی بستی ہے ۔ حیدرآباد کے مشہور و معروف فیشن ڈیزائنر اے وی اے فیشن ایم ڈی شیلجا رجنی کانت نے اپنی پوری ٹیم کے ساتھ اس گاؤں میں پہونچ کر مہیشوری چنیتا کیندرم کا معائنہ کیا ۔ ٹیکسٹائل پارک عصری آلات کا بھی معائنہ کیا ۔ راجیو نگر موضع مہیشوری چنیتا تربیتی سنٹر کا بھی معائنہ کیا ۔ سرسلہ کے کاریگر بنکر نلا وجئے کی تیار کردہ ساڑی جو کہ کاڑی کی ڈبیہ میں سماجاتی ہے دیکھ کر اس کی تعریف کی ۔ یہاں کے جلاہوں کی قابلیت ، پیشہ وارانہ مہارت کو سلام کیا اور تیقن دیا کہ راجیو نگر میں رہنے والے کپڑا بنکروں کی حوصلہ افزائی اور انہیں قابل لحاظ روزگار کی فراہمی ، خاندان کی خوشحالی اور خواتین کو روزگار مہیا کرنے کیلئے ایمبرائڈری کی بہتر تربیت دیتے ہوئے سرسلہ میں یہاں کی ساڑیوں کی تیاری میں ترقی اور ریاست ، ملک اور بیرون ملک میں ساڑی استعمال کرنے والوں کو یہاں کی ساڑیوں کی خریدی کی طرف راغب کرتے ہوئے مارکیٹنگ کی جائے گی ۔ اسی مقصد کے تحت ہم سرسلہ آئے ہیں ۔ کپڑا بنکر کاٹن پالیسٹر کی تیاری میں نت نئے ڈیزائن اور عوام کی خواہش کے مطابق پارچہ جات تیار کر رہے ہیں ۔ راجیو نگر کے کپڑا بنکروں کو ہمارے ادارہ کی جانب سے مزید تربیت دی جاکر فائدہ بخش کاروبار فراہم کیا جائے گا ۔ اس سلسلہ میں وزیر کے ٹی ار سے بات چیت کی جاکر 15 ستمبر کے اندر ضلع کلکٹر نیتو پرساد کی نگرانی میں یہاں منعقد ہونے والے گرام سبھا میں منافع ہونے والے ساڑیوں کی تیاری کے تعلق سے ایک شعور بیداری پروگرام منعقد کیا جائے گا ۔