سرسلہ میں گاڑیوں کی تلاشی کار کی ڈیکی سے بھاری رقم برآمد

گمبھی راؤ پیٹ۔/24 اکٹوبر، (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) اسمبلی انتخابات کے پیش نظر پولیس کی جانب سے جگہ جگہ تلاشیاں لی جارہی ہیں۔ سرسلہ ٹاؤن میں کل گاڑیوں کی تلاشی کے دوران کار نمبر AP13-1458 کی ڈیکی سے بھاری رقم 50 لاکھ روپئے پولیس کے ہاتھ لگی۔ تلاشی ٹیم میں موجود سرکل انسپکٹر سرینواس چودھری نے اس دستیاب شدہ رقم کو الیکشن ویجلینس عہدیداروں کے حوالے کرتے ہوئے تحقیقات شروع کردی۔ بتایا گیا ہے کہ کار میں سوار افراد نے اس بھاری رقم کو سرسلہ سے مستاباد کے ایک خانگی بینک کو منتقل کرنے کی بات بتائی۔

گورنمنٹ ہاسپٹل بودھن میں
16 گھنٹوں میں 18زچگیاں
بودھن۔/24 اکٹوبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) گورنمنٹ ایریا ہاسپٹل بودھن میں گزشتہ 16 گھنٹوں کے دوران 18 خواتین کی زچگیاں ہوئیں جن میں 10 لڑکے اور 8 لڑکیاں شامل ہیں۔14بچے آپریشن کے ذریعہ اور 4 بچے نارمل پیدا ہوئے۔ جاریہ ماہ میں 23 تاریخ تک سرکاری دواخانہ میں جملہ 182 زچگیاں ہوئیں ۔ دواخانہ کی سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر انا پورنہ کی خصوصی دلچسپی کے باعث سرکاری دواخانہ میں زچگیوں کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے۔ 16گھنٹوں میں 18 زچگیاں بودھن دواخانہ کا نیا ریکارڈ ہے۔