یوم آزادی ہند کی تقریب سے ریاستی وزیر کے ٹی راماراؤ کا خطاب
گمبھی راؤ پٹ ۔ 15 اگسٹ ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) سرسلہ ہر لحاظ سے ترقی کی طرف گامزن ہے ، علاقے میں کروڑہا روپیہ خرچ کرتے ہوئے ترقیاتی کاموں کو انجام دیا جارہا ہے ۔ ان خیالات کااظہار ریاستی وزیر کے ٹی راما راؤ نے کیا جو یہاں سرسلہ کے کالج گراؤنڈ پر یوم آزادی ہند کی تقریب کومخاطب کررہے تھے ۔ ریاستی وزیر کے ٹی آر نے اپنے خطاب کے دوران علاقہ میں اندرون 4 سال انجام دیئے گئے ترقیاتی کاموں کاتفصیلی طورپر ذکر کیا اور کہاکہ موثر اقدامات کے ذریعہ مزید ترقی کی راہ ہموار کی جارہی ہے تاکہ عوام بالخصوص کسانوں کو خاطر خواہ فائدہ مل سکے ۔ انھوں نے کہاکہ حلقہ اسمبلی سرسلہ کے مختلف منڈل جات میں منی ٹینک باؤنڈ کیلئے 20 کروڑ روپئے منظور کئے گئے جبکہ ضلع بھر میں 9 ہزار سے زائد کاشتکاروں کو 90 کروڑ روپئے لاگتی چیکس ادا کرتے ہوئے انھیں ممکنہ امداد کی کی گئی جس کی سابق میں کوئی نظیر نہیں ملتی ۔ انھوں نے کہاکہ ضلع سرسلہ میں تقریباً 500 سے زائد تالابوں کو مرحلہ وار رقمی منظوری عمل میں لاتے ہوئے مٹی کی نکاسی عمل میں لائی گئی ۔ انھوں نے عوام اور کاشتکاروں اور بالخصوص علاقہ کے بنکروں کو حکومت کی جانب سے دی گئی مراعات کا بھی ذکر کیا۔ قبل ازیں ریاستی وزیر کے ٹی راما راؤ نے کھلی جیپ میں جن کے ہمراہ ضلع کلکٹر کرشنا بھاسکر ، ضلع ایس پی بی کے راہول ہیگڈے موجود تھے پولیس سے پریڈ کے دوران سلامی لی اور پرچم کشائی کی رسم انجام دی ۔ اس موقع پر ضلع بھر کے مختلف شعبۂ حیات سے تعلق رکھنے والے سینکڑوں افراد کو توصیف نامہ دیا گیا ۔