سردی کا موسم سیر و تفریح کیجئے

سال کا دسواں مہینہ ہے ، جلد ہی سردی کا موسم شروع ہوگا ، دن چھوٹے ، راتیں لمی ہوجائیں گی اور کہیں بارش تو کہیں برفباری ہمیں قدرتی نظاروں سے لطف اندوز ہونے کا موقع دے گی ۔ سردی کا موسم ، گرم علاقوں میں رہنے والوں کو بڑا ہی پیار لگتا ہے ،بڑے شوق سے دلفریب شال اورسوئیٹر

خریدے جاتے ہیں ، سردی سے لطف اندوز ہونے کیلئے سیر و تفریح کے منصوبے بنائے جاتے ہیں اور مخصوص پکوان بھی سب کا دل لبھاتے ہیں ۔ تو کیا آپ اس موسم سے لطف اندوز ہونے کیلئے تیار ہیں ؟ یاد کیجئے پچھلے سال آپ نے یہ خوبصورت موسم کیسے گزارا تھا ؟ کیا کوئی تفریحی منصوبہ عمل میں آیا تھا ؟ یا دن معمول کے انداز سے گزرے تھے ؟ ہمیں کہا جاتا ہے کہ ہر دن سے لطف اندوز ہونے کی کوشش کرنا چاہئے ، لیکن ہم میں سے کتنے لوگ اس نصیحت پر عمل کرتے ہیں ؟ یہ بڑی اہم نصیحت ہے ، اس پر عمل کرنا مشکل خیال کیا جاتا ہے ، لیکن ایک بار کوشش کی جائے کہ ہم معمول کی مصروفیات کے باوجود اپنے لئے وقت نکالیں گے ، اپنے خاندان کے ساتھ وقت گزاریں گے ، خوش رہیں گے تب یہ کام ناممکن نہ ہوگا ۔ ہمارا مشورہ ہے ، زندگی کو محسوس کرنا چاہتی ہیں ، قدرت سے قریب ہوجائے ، فطرت کے حسین نظاروں سے لطف اندوز ہونے کیلئے سفر کیجئے ، تفریحی منصوبے ترتیب دیجئے ، سیر کرنے جایئے ، قدرتی نظاروں کی رعنائی آپ کو زندگی کا ایک مثبت پہلو دکھائے گی ، جو آپ کیلئے اچھوتی خوشی کا سبب ہوگی ۔ سہیلیو ! زندگی ایک جگہ بیٹھنے کا نام نہیں ، یہ دنیا بہت خوبصورت ہے ، بہت دور نہ سہی ، قریبی مقام کی سیر بھی آپ کے دل و دماغ کو ایسی توانائی اور تازگی عطا کرسکتی ہے جو ناقابل بیان ہے ، یاد رکھئے ، خوشی تلاش کرنے کیلئے ہمیں بہت دور جانے کی ضرورت نہیں ہوتی ، یہ ہمارے اندر ہی ہے ۔ اسے پہچاننے کیلئے بس کوشش کی ضرورت ہے ۔