حیدرآباد ۔ /19 ڈسمبر (سیاست نیوز) سردی سے بچنے کی کوشش ماں بیٹے کیلئے جان لیوا ثابت ہوا ۔ یہ واقعہ شہر کے جوبلی ہلز علاقہ میں پیش آیا ۔ تفصیلات کے بموجب 38 سالہ بچی وینی اور اس کا بیٹا 18 سالہ پدما راجو ساکن روڈ نمبر 25 جوبلی ہلز جن کا تعلق مغربی گوداوری سے ہے روزگار کی تلاش میں چند عرصہ قبل حیدرآباد منتقل ہوئے تھے ۔ بچی رینی اور اس کا شوہر ایک اپارٹمنٹ میں ملازمت کیا کرتے تھے اور شہر میں شدید سردی سے بچنے کیلئے اپنے کمرے میں کوئلہ جلایا تھا ۔ پولیس نے کہا کہ بچی وینی اور اس کے بیٹے نے کل رات دیر گئے کوئلہ جلاکر محوخواب ہوگئے تھے اور اس کے دھویں سے دم گھٹ کر فوت ہوگئے ۔ پولیس نے مزید بتایا کہ ماں بیٹے نے سردی سے بچنے کیلئے کمرے کے تمام کھڑکیاں اور دروازہ بند کردیا تھا جس کے نتیجہ میں کوئلہ کا دھواں باہر نکل نہ سکا جس کی وجہ سے دونوں کی موت واقع ہوگئی ۔ آج صبح بچی وینی کا شوہر ان کے مکان پہونچ کر دروازہ کھٹکھٹایا اور کوئی جواب موصول نہ ہونے پر پولیس کو اطلاع دی ۔ پولیس نے دونوں کی نعشوں کو باہر نکال کر پوسٹ مارٹم کیلئے دواخانہ منتقل کیا اور ایک مقدمہ بھی درج کرلیا ہے ۔