پانچ افراد بشمول ڈرائیور اور کمسن بچے مہلوکین میں شامل
حیدرآباد، یکم جنوری (یواین آئی )سردی سے بچنے کے لئے سڑک کے کنارے آگ تاپنے والے افراد کو بے قابو کار کی ٹکر سے کار ڈرائیور کے بشمول پانچ افراد ہلاک ہوگئے ۔یہ حادثہ ضلع کڑپہ کے پنڈلی مری منڈل کے اندرانگر کے قریب کل شب پیش آیا۔حادثہ کے ساتھ ہی بے قابو کار اُلٹ گئی اور کار کا ڈرائیور بھی ہلاک ہوگیا ۔اس طرح اس حادثہ میں مرنے والوں میں تین چھوٹے بچے بھی شامل ہیں۔مرنے والوں کی شناخت اندرانگر کے رہنے والوں کے طورپر کی گئی ہے ۔اس حادثہ میں مزید دو افراد شدید زخمی ہوگئے جن کو علاج کے لئے کڑپہ کے رمس اسپتال منتقل کردیاگیا ہے ۔یہ کار ویم پلی سے کڑپہ جارہی تھی کہ یہ حادثہ پیش آیا۔مقامی افراد نے بتایا کہ تیز رفتاری حادثہ کی وجہ ہے ۔اس حادثہ کے سبب نئے سال کی شب ان افراد کے گھروں میں غم کی لہر دوڑ گئی۔حادثہ کے ساتھ ہی کار اُلٹ گئی اور کار کو بھی شدید نقصان پہنچا۔پولیس نے اس سلسلہ میں ایک معاملہ درج کرلیا۔