سردار پٹیل کا مجسمہ آج وزیراعظم قوم کے نام معنون کریں گے

نئی دہلی ۔ /30 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی دنیا کے بلند ترین مجسمہ کو جسے ’’ اتحاد کا مجسمہ ‘‘ قرار دیا گیا ہے اور جو گجرات میں کے وندیا کے مقام پر تعمیر کیا گیا ہے قوم کے نام آج معنون کریں گے ۔ 182 میٹر بلند ولبھ بھائی پٹیل کا مجمسہ ان کی یوم پیدائش کے موقع پر ضلع نرمدا میں قوم کے نام معنون کیا جائے گا ۔ افتتاحی تقریب میں وزیراعظم نرمدا میں مٹی کا نذرانہ پیش کریں گے ۔ یہ مٹی ایک کلش میں بھر کر بہائی جائے گی ۔ یہ مجسمہ کی وابستگی کی علامت ہوگی ۔ اس سلسلے میں وزیراعظم کے دفتر سے ایک بیان جاری کیا گیا ہے ۔ وہ ایک لیور دباکر افتتاحی تقریب انجام دیں گے اور اپنی تقریر میں ولبھ بھائی پٹیل کے مجسمہ کو قوم کے نام معنون کریں گے ۔ وہ میوزیم اور نمائش کا بھی دورہ کریں گے ۔ قوم کے نام معنون کرنے کی تقریب کے اختتام پر ہندوستانی فضائیہ کے طیارے اپنے فضائی کرتب دکھائیں گے اور تہذیبی پروگرام ہوگا ۔