گلاسگو۔ 22 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی ہاکی ٹیم کو 2010ء کامن ویلتھ گیمس کے فائنل میں بھلے ہی آسٹریلیا کے خلاف 0-8 کی شرمناک شکست برداشت کرنی پڑی تھی، لیکن قومی ٹیم کے کپتان سردار سنگھ بے خوف ہیں کہ انہیں اگر اس مرتبہ گلاسگو میں بھی خطابی مقابلے میں آسٹریلیا کا سامنا کرنا ہوں تو وہ تیار ہیں۔ آسٹریلیا کے لیجنڈری کھلاڑی جیمی ڈائر کے حالیہ بیان جس میں انہوں نے کہا تھا کہ وہ خواہاں ہیکہ گلاسگو کامن ویلتھ گیمس میں ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان خطابی مقابلہ ہو، اس پر جوابی اظہار کرتے ہوئے سردار نے کہا کہ وہ اور ان کے ساتھی کھلاڑی اس چیلنج کیلئے تیار ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جیمی کی طرح ہم بھی چاہتے ہیں کہ فائنل میں ہمارا سامنا پھر ایک مرتبہ آسٹریلیا سے ہو اور ہم اس چیلنج کیلئے تیار ہیں۔ ہندوستان کو ورلڈ کپ میں بھی آسٹریلیا کے خلاف 0-4 کی ناکامی برداشت کرنی پڑی تھی لیکن اس مرتبہ ہندوستانی ہاکی ٹیم کے کپتان آسٹریلیا کے خلاف بہتر مظاہرہ کیلئے پرعزم ہیں۔
مارش کی کہنی کی سرجری ، 4 مہینوں کیلئے کرکٹ سے دور
سڈنی۔ 22 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) آسٹریلیائی کرکٹ ٹیم کے ٹسٹ بیسٹمین شان مارش کو ماہرین نے تجویز دی ہیکہ وہ اپنی کہنی کی سرجری کروائے جس کے بعد اب ان کی چار مہینوں کیلئے کرکٹ سے دوری یقینی دکھائی دے رہی ہے۔ امید ہیکہ آئندہ ہفتہ آسٹریلیائی بائیں ہاتھ کے بیٹسمین مارش کا آپریشن ہوگا جس کی وجہ سے وہ زمبابوے اور متحدہ عرب امارات کے دورہ میں ٹیم کی نمائندگی سے محروم رہیں گے۔ جیسا کہ متحدہ عرب امارات میں آسٹریلیا کا مقابلہ پاکستان سے ہوگا جہاں ٹیم کیلئے سخت چلینجس درپیش ہوں گے۔ امید ہیکہ ہندوستان کے خلاف 4 ٹسٹ مقابلوں کی سیریز کا پہلا مقابلہ جو کہ 4 ڈسمبر کو برسبین میں شروع ہوگا، مارش اس مقابلہ میں شرکت کیلئے دستیاب رہیں گے۔