بیدر۔یکم اپریل (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) پنتھ رتن شرومنی سردار جوگا سنگھ شہید کی 26ویں برسی کے موقع پر ان کی تعلیمی سماجی اور مذہبی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے انہیں پنتھ رتن کا ایک جیالہ سپوت قراردیاگیا۔ سردار ہرپال سنگھ ہیڈ گرنتی گردوارہ صاحب شری نانک جھرہ صاحب بیدر نے میموریل پارک پر منعقدہ ایک دعائیہ اجتما ع کے دوران ان خیالات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پنتھ رتن شرومنی سردار جوگاسنگھ جی 30مارچ 1989ء کو ہم سے جدا ہوئے مگر ان کی یادیں آج بھی ہمارے ساتھ ہیں۔ ان کے اوصاف کی یادیں ہماری زندگی کا ایک ایسا حصہ بن گئی ہے جن سے ہم کبھی بھی علیحدہ نہیں ہوسکتے ان کی جدجہد کا نتیجہ آج گردوارہ بیدر کو بین الاقوامی شہرت حاصل ہے۔ ملک و بیرون ملک سے ہر سال لاکھوں زائرین یہاں آتے ہیں۔سردار جوگاسنگھ کے قائم کردہ تعلیم ادارہ جات ملک و قوم کی تعمیر وترقی میں مصروف ہیں۔ جن کا شمار ملک مثالی تعلیم ادارہ جات میں ہوتا ہے۔ دعائیہ اجتماع میں سردار بہادر سنگھ نائب صدر حیدرآباد سردار درشن سنگھ سکریٹری پربندھک کمیٹی کے عہدیداران واراکین سردار منپریت سنگھ ، سردار مدن سنگھ سردار پونیت سنگھ ، سردار پاویت سنگھ، محترمہ ریشمہ کوراور ڈاکٹر نہا کورکے علاوہ پربندھک کمیٹی کے زیر اہتمام چلائے جانے والے تمام تعلیمی ادارہ جات کے زمہ داران پرنسپال ہیڈ آف دی ڈپارٹمنٹ کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔ گیانی دربارہ سنگھ نظامت کے فرائض انجام دیئے سردار بلبیرسنگھ صدر پربندھک کمیٹی گردوارہ شری نانک جھرہ صاحب بیدر گردوارہ مائی بھاگوجنواڑہ اور گردوارہ صاحب سنگھ جی بیدر کے معزز اسٹاف نے دعائیہ اجتما ع میں حصہ لیا۔ اسکولی بچوں کی جانب سے کرتن پیش کیا گیا۔اور اکھنڈ پاٹ کی سماپتی عمل میں آئی ۔ اس موقع پر روایتی گروہ کے مقدس لنگر کا اہتمام بھی کیا گیا تھاجس میں سینکڑوں افراد نے شرکت کی ۔ پربندھک کمیٹی کے معزز ارکان و عہدیداران کی جانب سے احاطہ گردوارہ میں انجہانی جوگا سنگھ کے افراد خاندان کو تہنیت پیش کی گئی ۔ اس موقع پر میرٹھن دوڑ کا اہتمام کیا گیا جس میں کالج کے پروفیسر لکچرارس اساتذہ طلباء کی خاصی تعدادنے حصہ لیا۔ میرٹھن دوڑ زائد از 5000ہزار افراد پرمشتمل تھی۔ سردار بلبیر سنگھ صدر پربندھک کمیٹی و گرو نانک جھرا صاحب فاؤنڈیشن کی ہدایت پر تقاریب ہذاکا اہتمام کیا گیا۔