سرخ صندل کی لکڑی کی اسمگلنگ کے خلاف سخت اقدامات

کڑپہ۔/30جولائی، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع کڑپہ کے نئے ایس پی کی حیثیت سے ڈاکٹر نوین گلاٹھی نے جائزہ حاصل کرلیا۔ اس موقع پر منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ضلع میں لاء اینڈ آرڈر کی صورتحال پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ پولیس اور عوام کے درمیان دوستانہ تعلقات کے قیام کو ترجیح دی جائے گی اور پولیس کو عوام کے قریب کیا جائے گا۔ ضلع میں ٹریفک کے مسئلہ کے حل کے سلسلہ میں اقدامات کئے جائیں گے۔ ضلع پولیس عہدیداروں کا اجلاس منعقد کرکے پرامن ماحول کیلئے ضروری اقدامات کئے جائیں گے۔ سرخ صندل کی لکڑی کی اسمگلنگ روکنے کیلئے ٹھوس اقدامات کئے جائیں گے۔ سرخ صندل کی لکڑی کی اسمگلنگ میں ملوث افراد پر نگاہ رکھی جائے گی۔ ضلع میں چوری اور چین چھیننے کے واقعات کے انسداد کیلئے خصوصی اقدامات کئے جائیں گے۔ چوری کے مال کی ریکوری کو فوقیت دی جائے گی اور محکمہ پولیس کی فلاح و بہبود پر توجہ دی جائے گی۔ ضلع میں واقع گن لائسنس کی تجدید کا باریک بینی سے جائزہ لیا جائے گا۔ ضرورت کے حامل افراد کے ہی لائسنس کی تجدید کی جائے گی نئے گن لائسنس جاری کرنے میں احتیاط سے کام لیا جائے گا۔ زمین کے تنازعات کو سیول کورٹ کے احکامات کے تحت ہی کیا جائے گا اس میں پولیس کی مداخلت نہیں کی جائے گی۔ ضلع میں مٹکہ، گیمبلنگ، غیر سماجی کارروائیوں کو سختی کے ساتھ کچل دیا جائے گا۔ غیر سماجی عناصر کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ اس موقع پر ایڈیشنل ایس پی آپریشن وینکٹ رمنا، او ایس ڈی اے چندرا شیکھر ریڈی بھی موجود تھے۔

سانپ ڈسنے سے
باپ اور بیٹی فوت
بودھن۔/30 جولائی ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) بودھن حلقہ اسمبلی کے رنجل منڈل میں ہیرومنگال کی درمیانی شب محو خواب گنگارام 42 سالہ اور اس کی لڑکی 18 سالہ سوجنیا متعلم ڈگری سال اول کو سانپ نے ڈس لیا۔ سوجنیا دواخانہ منتقل کرنے کے دوران اور گنگا رام علاج کے دوران گورنمنٹ ہاسپٹل نظام آباد میں فوت ہوگئے۔ تفصیلات کے بموجب گنگا رام اپنے افراد خاندان کے ساتھ ایک ہی کمرے میں محو خواب تھے۔ رات 2بجے کے درمیان ان کی گردن میں سانپ نے ڈس لیا، اندھیرے میں سانپ گنگا رام کے ہاتھ میں آگیا جس کو گنگا رام نے دور اچھال دیا جو بستر کے آخری سرے پر محو خواب سوجنیا کے پیر پر جاگرا اور وہیں لڑکی کے پیر کو بھی سانپ نے ڈس لیا۔ گنگا رام کے علاوہ اس کا ایک لڑکا اور بیوی بھی اسی کمرے میں محو خواب تھے۔ بڑا لڑکا کسی کام سے حیدرآباد گیا ہوا تھا۔