نئی دہلی ۔ 4 ۔ جنوری : ( سیاست ڈاٹ کام) : سرخ بتی کے استعمال کو ہندوستان میں انگریز دور کی وراثت قرار دیتے ہوئے چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال نے کہا کہ وہ جہاں کہیں موقع ملے اس وی آئی پی کلچر کو ختم کرنے کی کوشش کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک سے وی آئی پی کلچر کا خاتمہ ہوناچاہئے ۔ سرخ بتی بھی انگریز دور کا حصہ ہے ۔ انگریز چلے گئے لال بتی رہ گئی ۔۔
سرکاری فلیٹس سے بھی عدم استفادہ
l تنقیدوں سے دوچار چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال نے آج اپنے اس فیصلے کا اعلان کیا کہ وہ اُن دو پانچ بیڈروم والے ڈوپلیکس فلیٹس سے بھی استفادہ نہیں کریں گے جو اُنھیں الاٹ کئے گئے ہیں۔ انھوں نے میڈیا کو بتایا کہ وہ وحکومت سے اپنے لئے کوئی متبادل چھوٹی رہائش گاہ کا انتظام کرنے کیلئے کہہ چکے ہیں ۔ کجریوال نے ایک پارٹی میٹنگ کے موقع پر کہا ، ’’کل سے میرے دوست ، حامی اور بہی خواہ مجھے فون کررہے ہیں اور پیامات بھیجتے ہوئے کہہ رہے ہیں کہ مجھے پانچ بیڈروم والے فلیٹ میں منتقل نہیں ہونا چاہئے ۔ لہذا میں نے ان فلیٹس سے استفادہ ترک کردینے کا فیصلہ کرلیا ہے ۔ میں نے حکومت سے کہا ہے کہ میرے لئے کوئی متبادل اور چھوٹی رہائش گاہ کا انتظام کیا جائے ‘‘۔ انھوں نے کہاکہ تب تک وہ اپنی غازی آباد قیامگاہ سے ہی سرکاری اُمور انجام دیں گے۔
کجریوال کو بھگوان داس روڈ پر دو فلیٹس الاٹ کئے گئے ہیں جن میں سے ایک کو اُن کے دفتر کے طورپر استعمال کیا جانا تھا۔