سرحد پر امریکی فوج میں مزید اضافہ

واشنگٹن ۔31 اکتوبر۔(سیاست ڈاٹ کام) امریکی فوج کی شمالی کمان کے سربراہ جنرل ٹیرنس اوشاگنیسی نے میکسیکو کے ساتھ سرحد پر ملکی فوج کی تعیناتی کا دفاع کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں یقین ہے کہ سرحدوں کی نگرانی ملکی سکیورٹی کے مساوی ہے۔ امریکی وزارت دفاع نے گزشتہ روز میکسیکو کے ساتھ سرحد پر پانچ ہزار سے زائد فوجیوں کی تعیناتی کا اعلان کیا تھا۔ جنرل اوشاگنیسی نے بتایا کہ ریاست ٹیکساس کی میکسیکو سے جڑی سرحد پر ایک ہزار فوجی متعین کر دیے گئے ہیں اور دیگر سرحدی مقامات پر فوجی دستے بھیجے جا رہے ہیں۔ انہوں نے سرحد پر مزید فوجی تعینات کیے جانے کا امکان بھی ظاہر کیا۔