سرحدی دیہاتوں میں پولیس کی چوکسی

ایڑ پلی۔/11جنوری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) بودھن ڈی ایس پی غوث محی الدین نے کل شام رنجل پولیس اسٹیشن کا دورہ کرتے ہوئے جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے رنجل سب انسپکٹر جی نریش سے کہاکہ رنجل منڈل سے تعلق رکھنے والے تمام روڈی شیٹرس کی شناخت کرتے ہوئے نوٹس بورڈ پر ان کی تصاویر چسپاں کریں اور ان پر خصوصی نگاہ رکھیں۔ اس کے علاوہ رنجل منڈل میں غیر قانونی طور پر ریت کی نکاسی زوروں پر چل رہی ہے جسکی روک تھام کیلئے رنجل ریونیو عہدیداروں کی مدد سے اقدامات کریں تاکہ ریت کے ٹپر سے حادثات کو روکا جاسکے۔ اس کے علاوہ رنجل منڈل کی سرحد پر مہاراشٹرا ریاست واقع ہے جہاں کبھی کبھی غیر قانونی طور پر دیگر اشیاء کی منتقلی اور مجرموں کی آمدورفت جاری رہتی ہے۔ اس لئے ایس آئی کو ہدایت دی کہ وہ خصوصی ٹیم تشکیل دیتے ہوئے رات کے اوقات میں پٹرولنگ کریں اور خصوصی نگاہ رکھیں۔

انہوں نے رنجل پولیس ریکارڈس کی تنقیح کرتے ہوئے کہا کہ قدیم اور زیر التواء کیسوں کی تحقیقات بروقت مکمل کریں اور رنجل منڈل کو سماجی برائیوں سے پاک کرتے ہوئے عوام کے مسائل کی یکسوئی کریں اور عوام کے مسائل کو حل کرنے کیلئے ہمیشہ تیار رہیں۔ اس موقع پر رنجل ایس آئی کے علاوہ دیگر عہدیدار موجود تھے۔