سرحدپار دہشت گردی کا مؤثر جواب دینے کا عہد

گرداس پور حملہ پاکستان سے مربوط‘ راجیہ سبھا میں مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ کا بیان
نئی دہلی۔30جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) گرداس پور حملہ کو پاکستان سے مربوط کرتے ہوئے مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے آج کہا کہ تین دہشت گرد وہاں سے ہمارے ملک میں دراندازی کرآئے تھے تاکہ حملہ کریں ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ہر ممکن کوشش کرے گی کہ سرحد پار دہشت گردی کا خاتمہ ہوجائے ۔ پیر کے دن کے پنجاب میں حملہ کے بارے میں راجیہ سبھا میں بیان دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک کی اہمیت گھٹانے کی دشمنوں کی کسی بھی کوشش سے ہماری حفاظت اور ہمارے شہریوں کی صیانت خطرہ میں پڑجاتی ہے چنانچہ ہماری فوج اس کا مؤثر اور بھرپور جواب دیتی ہے ۔ حکومت کا یہ پختہ عہد تھا اور رہے گا کہ ایسے ہی کیا جائے ۔ راجناتھ سنگھ نے کانگریس ارکان نے شوروغل کے درمیان یہ بیان دیا ‘ جنہوں نے نائب صدرنشین پی جے کورئین کی اس خواہش کو نامنظور کردیا جنہوں نے کہا تھا کہ دہشت گرد حملہ کے سلسلہ میں یہ ایک بیان ہے کوئی سیاست نہیں ۔ اس بیان کا تعلق ہمارے ملک کی صیانت سے ہے تاہم اپنے موقف میں اٹل کانگریس ارکان وزیراعظم نریندر مودی کے خلاف نعرہ بازی کرتے رہے ۔ پنجاب حملہ کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے مرکزی وزیر داخلہ نے کہا کہ جی پی ایس کی معلومات کے ابتدائی تجزیہ سے نشاندہی ہوتی ہے کہ دہشت گرد پاکستان سے گرداس پور کے قریب علاقہ تاش کے ذریعہ دریائے راوی کے راستہ سے پاکستان سے ہندوستان آئے ۔ یہ بھی شبہ کیا جاتا ہے کہ یہی دہشت گرد پانچ ترقی یافتہ دھماکوں آلے تلونڈی کے ریل کی پٹریوں پر دینا نگر اور جھکولاڈی  کے درمیان نصب کرچکے تھے جنہیں بعد میں انسداد بم اسکواڈ نے ناکارہ بنادیا ۔

رات کے وقت دیکھنے کا ایک آلہ بھی اس جگہ دستیاب ہوا تھا ۔ راجناتھ سنگھ نے کہا ک گذشتہ ایک ماہ سے سرحد پار سے جموں و کشمیر سیکٹر میں دراندازی کی پانچ کوششیں کی گئی ہیں جن میں سے چار کو روکاگیا اور 8دہشت گردناکارہ بنادیئے گئے ۔ ایک واقعہ میں دہشت گرد فوج کے مؤثر جواب کی بناء پر پسپا ہوگئے ۔ انہوں نے دہشت گردوں کا مؤثر مقابلہ کرنے پر پنجاب پولیس کی بھی ستائش کی ۔ انہوں نے کہا کہ کارروائی کے دوران بی ایس ایف اور فوج کو سرحد پرسخت چوکسی کی حالت میں رکھا گیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ وہ چیف منسٹر پنجاب پرکاش سنگھ بادل سے شخصی طور پر بات چیت کرچکے ہیں اور انہیں مرکز کی ہر ممکن مدد کا تیقن دے چکے ہیں ۔ ان کی تقریر کے دوران کانگریس ارکان پلے کارڈ لہرارہے اور ایوان کے وسط میں جمع ہوکر وزیراعظم اور ان کی حکومت کے خلاف نعرہ بازی کرنے میں مصروف تھے ۔نعروں میں’’56 انچ کی چھاتی ہائے ہائے ‘ نریندر مودی ہائے ہائے اور این ڈی اے حکومت ہائے ہائے ‘‘ بھی شامل تھے ۔ مرکزی وزیر داخلہ نے تمام واقعات تاریخ وار بیان کئے اور مہلوک شہریوں اور فوجیوں کے سوگوار ارکان خاندان کو تعزیت پیش کی۔