سرحدوں کی حفاظت کیلئے بی ایس ایف کی سخت چوکسی

سرینگر۔ /30جنوری، ( سیاست ڈاٹ کام ) بارڈر سیکوریٹی فورس نے آج کہا ہے کہ جموں میں سرحد پار سے عسکریت پسنددراندازی کی کوشش میں ہیں لیکن بی ایس ایف کی سخت چوکسی کے باعث سرحد پار سے چھاپہ ماروں کو گھسنے کا موقع فراہم نہیں ہورہا ہے۔انسپکٹر جنرل بی ایس ایف کشمیر فرنٹیر بی ایس سندھو نے بتایا کہ سرحد پار سے عسکریت پسند دراندازی کی مسلسل کوشش میں ہیں اور وہ کشمیر میں گھسنے کیلئے موقع کی تاک میں ہیں لیکن ہمارا یہ فریضہ ہے کہ انہیں کامیاب ہونے نہ دیں اور انہیں کوئی موقع فراہم نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ سرحد کے اس پار لانچ پیاڈ تیار رکھے گئے ہیں اور عسکریت پسندوں کے تربیتی کیمپس کی تعداد میں کمی واقع نہیں ہوئی ہے جبکہ ٹریننگ کیمپس میں تربیت یافتہ عسکریت پسندوں کی تعداد اس قدر بڑھ گئی ہے کہ وہاں کے لانچ پیاڈ میں رکھنے کیلئے جگہ دستیاب نہیں ہے لیکن بی ایس ایف نے چوکسی اختیار کرلی ہے۔