سرجیکل اسٹرائیک سے بی جے پی سیاسی فائدہ کیلئے کوشاں : کانگریس

نئی دہلی، 28 جون (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس نے وزیر اعظم کے دفتر پر حکمت عملی کے تحت سرجیکل اسٹرائیک کا ویڈیو جاری کرنے کا الزام لگاتے ہوئے آج الزام لگایا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت سرجیکل اسٹرائیک کی روایت اور حقائق کو توڑ کر اس کا سیاسی اور انتخابی فائدہ لینے کی کوشش کر رہی ہے ۔کانگریس کے رندیپ سنگھ سرجے والا نے آج یہاں نامہ نگاروں سے کہا کہ مودی حکومت ’جے جوان جے کسان‘کے نعرے کا سیاسی استعمال کر رہی ہے اور سرجیکل اسٹرائیک کی جانبازی کی کہانی کے سہارے ووٹ حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ فوج کی اس کارروائی کا انتخابی فائدہ لینے کا اعلان بی جے پی صدر امیت شاہ نے پہلے ہی کر دیا تھا۔بی جے پی کی یہ کوشش شرمناک ہے اور روایت کو توڑنے والا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کو یاد رکھنا چاہئے کہ فوجیوں کی قربانی کا سیاسی فائدہ نہیں لیا جانا چاہئے لیکن وہ مسلسل ایسا کرنے کی کوشش کر رہی ہے اور اس سلسلہ میں اس نے اتر پردیش انتخابات کے دوران پریس کانفرنس، اشتہارات، تصویر اور ہورڈنگس کے ذریعے سرجیکل اسٹرائیک کا کریڈٹ فوج کے بجائے وزیر اعظم نریندر مودی اور بی جے پی کو دیا۔ کانگریس کے ترجمان نے کہا کہ مودی حکومت فوجیوں کی قربانی اور سرجیکل اسٹرائیک کا فائدہ لینے کے لئے ہر ہتھکنڈہ اپنا رہی ہے لیکن پاکستان کی پشت پناہی والی دہشت گردی کو روکنے کے لئے ان کے پاس کوئی پالیسی نہیں ہے، اسی کا نتیجہ ہے کہ ستمبر 2016 کے سرجیکل اسٹرائیک کے بعد ہندوستانی فوج کے 146 جوان شہید ہوئے ہیں اور پاکستان نے 1600 سے زیادہ مرتبہ کنٹرول لائن کی خلاف ورزی کی۔