سربیا کے جوکوفک ومبلڈنچمپئین

لندن ۔ /3 جولائی ( رائیٹرس) سربیا کے سیکنڈ سیڈ نوفاک جوکوفک نے اسپین کے رفا نڈال کو آج فائنل میں 6-4, 6-1, 1-6, 6-3 سے غیرمعمولی طور پر شکست دیتے ہوئے ومبلڈن ٹائیٹل پر قبضہ کرلیا ۔ وہ دفاعی چمپئین کو ہزیمت کے بعد پہلی مرتبہ ومبلڈن کا خطاب حاصل کرتے ہوئے عالمی سطح پر نمبر 1 کھلاڑی بن گئے ہیں ۔نڈال دو مرتبہ ومبلڈن چمپئین کے علاوہ 10 گرانڈ سلام ٹائیٹلس جیتنے والے کھلاڑی ہیں۔ آج فائنل میں انہیں جوکوفک کی غلطی کا دوسری گیم کے تیسرے سیڈ میں فائدہ ہوا لیکن چوتھے سیڈ میں جوکوفک نے 2-0 کی سبقت حاصل کرلی تھی ۔ نڈال نے گیم میں پھر واپسی کی لیکن آٹھویں گیم میں جوکوفک نے میچ کو اپنے حق میں کرلیا ۔
خطابی جیت ایک اچھوتا احساس۔ کویٹوا
میں شکست کے باوجود کارکردگی سے مطمئن ہوں : شاراپوا
لندن، 3 جولائی (یو این آئی) ومبلڈن اوپن کی خواتین زمرہ کی چمپئن چیک جمہوریہ کی پیٹرا کویٹوا نے اپنی خطابی کامیابی پر خوشی کا اظہارکیا ہے۔ کویٹوا نے میچ کے بعد صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے تھے کہ انہیں معلوم تھا کہ اس میچ میں سخت محنت و جدوجہد کے بغیر جیتنا ممکن نہیں تھا، لہذا انہوں نے پوری کوشش کی۔ انہوں نے کہا کہ ’یہ ناقابل یقین موقع ہے۔ میں انتہائی خوش ہوں۔ مجھے اس وقت کچھ سمجھ نہیں آرہا کیونکہ یہ ایک بالکل اچھوتا احساس ہے۔آٹھویں نمبر کی عالمی کھلاڑی کویٹوا گزشتہ برس ومبلڈن گرانڈ سلام کے سیمی فائنل میں امریکہ کی سیرینا ولیمس سے شکست کھاگئی تھیں، تاہم ماہرین کا خیال ہے کہ کویٹوا کے کھیل میں مسلسل بہتری سے یہ بات واضح ہے کہ اب وہ گرانڈ سلام ٹائٹلز میں ایک ’مسلسل خطرہ‘ تصور کی جانے لگی ہیں۔ ہفتے کے روز ومبلڈن ٹینس چمپئن شپ کے سلسلے میں خواتین کے مقابلوں کے فائنل میں چیک جمہوریہ کی پیٹرا کویٹوا نے سابق عالمی چمپئن ماریہ شاراپووا کو شکست دے کر ومبلڈن وومنس سنگلز خطاب جیت لیا تھا۔ اس دوران ومبلڈن کی رنر اپ ماریہ شارا پوا نے اپنے اظہار خیال میں کہا کہ وہ فائنل میں شکست کے باوجود مطمئن ہیں کیونکہ وہ دنیا کو یہ دکھاچکی ہیں کہ وہ ہنوز گرانڈ سلام خطاب جیتنے کی دوڑ میں شامل ہیں۔ کیرئیر کا مشکل ترین وقت گذر چکا ہے ۔