سربراہی آب کیلئے ٹھوس اقدامات ظہیرآباد میں ٹینکروں کے ذریعہ پانی کی سربراہی

ظہیرآباد ۔ 31 ۔ مارچ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) بلدیہ ظہیرآباد میں قلت آب سے نمٹنے کیلے عوام کو بورویلوں اور ٹینکروں کے ذریعہ پانی سربراہ کیا جارہا ہے جبکہ مانجرا ندی میں پانی خشک ہوجانے کے باعث مانجرا ندی سے پانی کی سربراہی کا کام گزشتہ تین ماہ سے بالکل مسدود ہوچکا ہے۔ اس امر کا انکشاف میونسپل کمشنر مسٹر جیتورام نائیک نے سیاست نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ امساک باراں کے باعث مانجرا ندی کا پانی خشک ہوجانے اور بلدی حدود میں واقع 120 کے منجملہ 112 کارکرد بورویلوں کی آبی سطح میں نمایاں کمی ہوجانے کے نتیجے میں بلدیہ کے مختلف حلقہ جات میں ایم پی فنڈ سے 14 اور یم ایل اے فنڈ سے نئے 10 بورویلوں کی کندیدگی عمل میں آچکی ہے ۔ اس طرح فی الحال بلدی عوام کو 24 نئے بورویلوں اور 112 پرانے بورویلوں کے علاوہ میونسپل ٹینکر کے بشمول 8 خانگی ٹینکروں کے ذریعہ صبح 6.30 بجے سے لے کر شام کے 7 بجے تک پانی کی سربراہی عمل میں لائی جارہی ہے جبکہ پانی کی شدید قلت سے دوچار 17, 12, 9, 7 اور 22 بلدی حلقہ جات میں 27 مرتبہ ٹینکروں کے ذریعہ پانی سربراہ کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے بلدیہ ظہیرآباد میں پانی کی شدید قلت سے نمٹنے کیلئے ڈراٹ فنڈ سے 20 لاکھ اور نان سی آر اے فنڈ سے 10 لاکھ روپئے بلدیہ ظہیرآباد کو وصول ہونے کا انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ محصلہ 30 کے منجملہ 10 لاکھ روپئے کی لاگت سے مزید 5 نئے بورویلوں کی کندیدگی عمل میں لائی جائے گی ۔ انہوں نے واضح کیا کہ بلدی عوام کو پانی کی موثر سربراہی کو یقینی بنانے کیلئے ٹھوس اقدامات کئے گئے ہیں تاہم کسی بھی بلدی حلقہ کی عوام کو پانی کی عدم سربراہی سے متعلق شکایت ہو تو انہیں چاہئے کہ وہ راست طور پر ان فون نمبرات 8008503216 اور 9390967701 پر ربط پیدا کریں ۔ انہوں نے کہا کہ آبی قلت سے نمٹنے کیلئے بلدیہ کی جانب سے 9 ٹینکروں کے ذریعہ روزانہ پانی سربراہ کیا جارہا ہے ، عوام کو چاہئے کہ وہ صبر و تحمل کے ساتھ واٹر ٹینکروں سے پانی حاصل کریں ۔ انہوں نے موسم گرما کے پیش نظر پانی کا ضرورت سے زیادہ استعمال نہ کرنے ، بچوں کو شدید دھوپ کے دوران گھروں سے باہر نکلنے نہ دینے اور محصول جائیداد بروقت ادا کرنے کی بلدی عوام سے پُرزور اپیل کی ۔ اس موقع پر میونسپل کمشنر مسٹر جیتورام نائیک کے ہمراہ میونسپل انجینئر مسٹر سریدھر ریڈی بھی موجود تھے ۔