سراج مہنگے ثابت ہوئے، نیوزی لینڈ 196/2

راجکوٹ 4 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے فاسٹ بولر محمد سراج نے بالآخر ہندوستان کے لئے بین الاقوامی سطح پر اپنا پہلا مقابلہ ٹوئنٹی 20 کی شکل میں آج نیوزی لینڈ کے خلاف یہاں کھیلے گئے دوسرے میچ میں کھیلا جہاں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیاٹنگ کرتے ہوئے کولین مونرو کی ناقابل تسخیر سنچری کی بدولت دو وکٹوں کے نقصان پر 196 رنز اسکور کئے۔ نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیاٹنگ کا فیصلہ کیا جسے مارٹن گپٹل (45) اور مونرو (109) نے پہلی وکٹ کے لئے 11 اوورس میں 105 رنز بناتے ہوئے صحیح ثابت کیا۔مونرو نے 58 گیندوں میں 7 چوکوں اور 7 چھکوں پر مشتمل اننگز کے دوران شاندار اسٹروکس کھیلے۔ محمد سراج نے اپنے پہلے ہی مقابلے میں متاثرکن بولنگ کرنے کے علاوہ حریف کپتان کین ولیم سن کو روہت شرما کے ہاتھوں باؤنڈری پر کیچ آؤٹ کرواتے ہوئے اپنی پہلی بین الاقوامی وکٹ حاصل کی۔ تاہم اِن کے 4 اوورس میں حریف بیٹسمنوں نے 53 رنز اسکور کئے۔