سدی پیٹ ۔ 28؍ مئی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) سدی پیٹ میونسپل حدود میں گذشتہ روز ایک خطرناک سڑک حادثہ پیش آیا ۔ جس کے باعث 25 افراد شدید زخمی ہوگئے ۔ تفصیلا ت کے بموجب یہ حادثہ گذشتہ روز میونسپل حدود میں آنے والے علاقہ ناگ دیوتا دیول کے قریب واقع بائی پاس پر رات میں پیش آیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ پنالہ قریہ سے تعلق رکھنے والے افراد ڈی سی ایم ویان میں ضلع کریم نگر کے ویملاواڑہ جانے کے لیے نکلے تھے کہ جوں ہی ڈی سی ایم گاڑی بائی پاس پہونچی بے قابوہوکرالٹ گئی ۔ جس کے ساتھ ہی ڈی سی ایم میں سوار افراد نے چیخ پکار کرنے لگے ۔ایک اطلاع کے بموجب اس ویان میں 25 افراد سوار تھے تمام کے تمام شدید زخمی ہوگئے جس میں سے تین زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے ۔ ڈی سی ایم ویان حادثہ کی اطلاع جیسے ہی عام ہوئی پنالہ موضع کے عوام میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ۔حادثہ کی اطلاع کے ساتھ ہی ڈی ایس پی سدی پیٹ سریدھر نے فوری مقام واردات پہنچ کر زخمیوں کو فوری طورپر سدی پیٹ ایریا ہاسپٹل منتقل کردیا ۔ اس سلسلہ میں سدی پیٹ ون ٹاون پولیس نے ایک مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے ۔ وزیر بڑی آبپاشی ورکن اسمبلی سدی پیٹ مسٹر ٹی ہریش راؤ کو جب اس حادثہ کی اطلاع پہونچی تو انھوں نے محکمہ صحت و طبابت کے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ مریضوں کے علاج میں کسی قسم کی کوئی کوتاہی نہ کی جائے اور انھیں ممکنہ حدتک بروقت طبی امداد فراہم کریں اور اچھی دیکھ بھال کریں ۔