سدی پیٹ سے میرا رشتہ ماں اور بیٹے جیسا : ہریش راؤ

ایک لاکھ کی اکثریت سے کامیاب بنانے رائے دہندوں سے اپیل
حیدرآباد۔/30 نومبر، ( سیاست نیوز) وزیر آبپاشی ہریش راؤ نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنی پسند کے امیدوار کو ووٹ دے کر کامیاب بنائیں۔ جمہوریت میں ووٹ کی غیر معمولی اہمیت ہے اور ایسے شخص کو منتخب کرنا چاہیئے جو عوام کی خدمت میں سنجیدہ ہو۔ہریش راؤ آج سدی پیٹ کے سرینواس نگر کالونی علاقہ میں انتخابی مہم کے دوران عوام سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ سدی پیٹ نے ترقی کے معاملہ میں قومی سطح کے ایوارڈس حاصل کئے ہیں۔ قومی سطح پر جب بھی ایوارڈ دیئے گئے ان میں سدی پیٹ کا نام شامل رہا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی بھلائی اور سدی پیٹ کی ترقی کیلئے انہوں نے انتھک محنت کی ہے اور عوام اچھی طرح جانتے ہیں۔ سدی پیٹ میں کیندرا ودیالیہ کا قیام عمل میں آیا۔ 300 کروڑ روپئے کے خرچ سے انڈر گراؤنڈ ڈرینج سسٹم تعمیر کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ووٹ کی اپیل کے ساتھ کئی امیدوار رجوع ہورہے ہیں۔ عوام کو چاہیئے کہ وہ اپنے پسندیدہ امیدوار کو منتخب کریں جو ان کا حقیقی خدمت گذار بھی ہو۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر کی سرپرستی میں وہ آج اس مقام پر پہنچے ہیں۔ سدی پیٹ کے عوام سے میرا رشتہ ماں اور بیٹے کی طرح ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ایک لاکھ ووٹ کی اکثریت سے منتخب کیا گیا تو ملک میں پھر ایک بار ریکارڈ قائم ہوگا۔ سدی پیٹ میں ہریش راؤ کے حق میں زبردست لہر دیکھی جارہی ہے اور تمام طبقات ہریش راؤ کی خدمات کے سبب انہیں بھاری اکثریت سے منتخب کرنے کا عہد کرچکے ہیں۔