دونگوان ( چین ) ، 13 مئی (سیاست ڈاٹ کام) اولمپک برونز میڈلسٹ سائنا نہوال واحد کامیاب کھلاڑی رہیں جبکہ انڈین بیاڈمنٹن ٹیم کیلئے آج مایوس کن دن ثابت ہوا کیونکہ وہ باوقار سدیرمن کپ سے خارج ہوگئی ، جسے تین مرتبہ کے چمپینس کوریا نے یہاں گروپ 1D میچ میں 4-1 سے شکست فاش دیدی ۔ عالمی نمبر 2 سائنا نے پرجوش مظاہرہ پیش کرتے ہوئے سابق عالمی نمبر 5 بائیون جو کو ویمنس سنگلز میں 22-20، 17-21 ، 21-13 سے ہرایا لیکن کوئی بھی دیگر ہندوستانی اپنے کوریائی حریفوں کو مات نہیں دے پایا جس کے نتیجہ میں قومی ٹیم کی مہم مایوس کن انداز میں اختتام پذیر ہوگئی۔ ہندوستان کو شروع میں ہی مینس ڈبلز میچ کے موقع پر 0-1 سے پچھڑنا پڑا جبکہ پی جے چوپڑہ اور اکشئے دیوالکر کو عالمی نمبر 8 کی کوریائی جوڑی کم قیجونگ اور کم سابانگ کے مقابل 10-21، 19-21 سے ہار کا منہ دیکھنا پڑا ۔ تاہم 25 سالہ سائنا نے ہندوستان کو میچ میں واپس لایا لیکن جیسے ہی پی کیشپ کی عالمی نمبر 5 سون وان ہو کیخلاف 21-13، 14-21 ، 13-21 سے ناکامی ہوئی تو پھر ہندوستان کیلئے نوشتۂ دیوار واضح ہوچلی تھی ۔ 2011 ء کی ورلڈ چمپین شپ برونز میڈلسٹ جوڑی جوالا گٹہ اور اشونی پونپا نے جیت کی اُمید ضرور جگائی لیکن آخرکار انھیں چانگ یی نا اور جونگ کیونگ یون کے مقابل 21-18، 12-21، 12-21 سے ناکامی ہوئی ۔ ہندوستان کی مکسڈ ڈبلز جوڑی مانو اتری اور سکی ریڈی کو بھی کم ہانا اور کو سونگ ہیون نے آخری میچ میں 12-21، 20-22 سے ہراتے ہوئے ہندوستان کی پریشانیوں کا خاتمہ کیا۔ ہندوستان قبل ازیں دوشنبہ کو ملائیشیا کے مقابل 2-3 سے ہارا تھا ۔