سدھو کی پی ایس ایل اورآئی پی ایل کی فاتح ٹیموں کے مابین میچز کی تجویز

لاہور ، 23 اگست (سیاست ڈاٹ کام) نوجوت سنگھ سدھو نے سینیٹر فیصل جاوید کو فون کر کے پاکستان سوپرلیگ اور آئی پی ایل کی فاتح ٹیموں کے درمیان سیریز کی تجویز دے دی، شاہ محمود قریشی کہتے ہیں سدھو نے جرات کا مظاہرہ کیا۔ ہندوستان ایک قدم آگے بڑھے ہم دو قدم آئیں گے، وزیراعظم عمران خان اعلان کے بعد کرکٹ کے ذریعے پاک ہندوستان تعلقات بہتر کرنے کی کوششیں نظر آنے لگیں۔ عمران خان کی دعوت پر پاکستان آنے والے سابق ہندوستانی کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو نے بھی واپس جا کر کرکٹ کے ذریعے محبت کا پیغام بھجوا دیا۔ سابق ہندوستانی کرکٹ لیجنڈ نے حکومتی سینیٹر فیصل جاوید سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور پاک ہندوستان کرکٹ امور پر تبادلہ خیال کیا۔ نوجوت سدھو نے پی ایس ایل اور آئی پی ایل کی فاتح ٹیموں اسلام آباد یونائیٹڈ اور چنئی سوپرکنگ کے درمیان تین میچز کی سیریز کرانے کی تجویز دے دی، دونوں میں طے پایا کہ نوجوت سدھو بی سی سی آئی جبکہ فیصل جاوید پی سی بی سے بات کریں گے۔ فیصل جاوید کہتے ہیں معاملات فائنل ہونے پر وینیو اور تاریخوں کا فیصلہ کیا جائے گا، فیصل جاوید نے وزیراعظم کی حلف برداری تقریب میں خصوصی شرکت پر سدھو کو عمران خان کی جانب سے شکریہ کا پیغام پہنچایا۔ انھوں نے کہا کہ سدھو نے جرات کا مظاہرہ کیا، شاہد آفریدی نے بھی نوجوت سدھو کے دورہ پاکستان پر خوشی کا اظہار کیا ہے، ٹویٹ میں شاہد نے کہا دونوں ملک امن قائم کرکے ہی آگے بڑھ سکتے ہیں۔