نئی دہلی ، 7 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) سابق ہندوستانی بیٹسمن اور حالیہ کمنٹیٹر نوجوت سنگھ سدھو زندگی کو خطرے میں ڈال دینے والی بیماری میں مبتلا ہو کر اسپتال میں داخل زیرعلاج ہیں کیونکہ ان کی رگوں میں خون جمنا شروع ہو گیا ہے۔ اپنی زندہ دلی اور کھل کر قہقہے لگانے کیلئے مشہور سدھو نے ٹوئٹر پر اپنی تصویر کے ساتھ ’’ڈاؤن مگر ناٹ آؤٹ‘‘ کا پیغام بھی بھیجا ہے۔ 51 سالہ کمنٹیٹر نے اپنے مداحوں کو مطلع کیا کہ وہ ایک موذی بیماری کا شکار ہوئے ہیں لیکن خدا کا شکر ہے کہ اب حالت بہتر ہورہی ہے۔ انہوں نے ’’لائف اِز فریجائل ،ہینڈل وِد پریئر‘‘ کا فقرہ بھی لکھا ہے۔ سدھو کرکٹ کمنٹری کے ساتھ ساتھ ٹیلی ویژن چیانلوں پر مختلف شوز کا بھی سرگرمی سے حصہ رہے ہیں۔