راہول گاندھی کے سامنے پیش کرنے کانگریس قائدین کی کوشش ناکام
بنگلورو۔24؍جولائی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کانگریس نائب صدر راہول گاندھی آندھرا پردیش کے اننت پور کے دورے پر روانگی کے مقصد سے آج شام بنگلور پہنچے ۔ شہر کے کمار کرپا گیسٹ ہاؤز میں شب گذاری کے بعد صبح راہول کا قافلہ اننت پور کیلئے روانہ ہوجائے گا۔ کانگریس نائب صدر بنگلور آمد سے استفادہ کرتے ہوئے ریاست میں برگشتہ کانگریس قائدین نے وزیراعلیٰ سدرامیا اور کے پی سی سی صدر ڈاکٹر جی پرمیشور کے خلاف راہول گاندھی سے شکایت کا منصوبہ بنایا ، لیکن بتایاجاتاہے کہ راہول گاندھی کی سیکورٹی کو اس قدر سخت کیا گیا کہ ایسی شکایت ان کے نزدیک بھی پہنچنے نہ پائے۔ ریاستی کابینہ میں توسیع میں تاخیر ، سرکاری بورڈز اور کارپوریشنوں کیلئے ڈائرکٹروں کے تقرر میں تساہل اور دیگر امور کو لے کر کانگریس کے بعض لیڈران کی طرف سے راہول گاندھی سے شکایت کی تیاری کی جارہی تھی۔ آج شام ساڑھے سات بجے راہول گاندھی بنگلور انٹرنیشنل ایرپورٹ پہنچے اور یہاں انہوں نے وزیراعلیٰ سدرامیا ، کے پی سی سی صدر ڈاکٹر جی پرمیشور سمیت 30 کانگریس قائدین سے ملاقات کی اجازت دی۔ بتایاجاتاہے کہ اس میٹنگ کے دوران راہول گاندھی کو ریاست میں کسانوں کی خود کشی کے واقعات ، بی بی ایم پی انتخابات کی تیاریوں وغیرہ سے آگاہ کروایا گیا۔ ساتھ ہی گزشتہ ددسال سے سدرامیا کی قیادت والی حکومت کی طرف سے جاری ترقیاتی کاموں کو راہول گاندھی کے سامنے پیش کرنے کی تیاری ہوئی تو دوسری طرف سدرامیا مخالف خیمہ نے یہ شکایت کرنے کی تیاری کی تھی کہ سدرامیا پر یہ الزام لگایا جائے کہ اقتدار سنبھالنے کے بعد انہوں نے پارٹی کے وفادار کارکنوں کو یکسر نظر انداز کررکھا ہے۔ دوسری طرف پرمیشور کے خلاف راہول سے اس شکایت کی تیاری کی گئی ہے کہ متوقع تعداد میں پارٹی کی رکنیت سازی کرنے میں وہ ناکام رہے۔