سدارامیا کے حلقہ بادامی کی تفریح گاہ پر آئی ٹی کے چھاپے

وجئے پورہ8مئی(سیاست ڈاٹ کام) آئی ٹی کے افسروں نے کرناٹک کے باگل کوٹ ضلع کے بادامی حلقہ میں ایک تفریح گاہ پر چھاپہ مارا جہاں کانگریس کے بعض لیڈران انتخابی مہم کے لئے رکے ہوئے تھے ۔ اس حلقہ سے کانگریس کے امیدوار وزیراعلی سدارمیا ہیں۔ذرائع کے مطابق ان چھاپوں کی کارروائی کا آغاز پیر کی شب گیارہ بجے سے ہوا جو منگل کی صبح تک جاری رہے ۔کرشنا ہیرٹیج تفریح گاہ پر چھاپہ کے دوران کرناٹک کانگریس کے کارگزار صدر ایس آرپاٹل، ایم ایل سی مسٹر سی ایم ابراہیم اور دوسرے موجود تھے ۔سدارامیا نے حال ہی میں اپنے حلقہ میں انتخابی مہم کے دوران اس تفریح گاہ میں قیام کیا تھا۔دس افسروں کی ٹیم جس میں انکم ٹیکس کے جوائنٹ ڈائرکٹر بھی شامل تھے ، نے کل شب یہ چھاپہ مارا۔