سخت محنت کامیابی کی کلید

ورنگل ۔ 26 ۔ فبروری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) عمل وہ روشنی ہے جس سے ہم حق اور باطل کی راہیں کو متعین کرسکتے ہیں ۔ اہل علم کی ہر دور میں حکومت تھی اور رہے گی ۔ علم بغیر محنت کے حاصل نہیں ہوتا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار بسواراجو ساریا سابق منسٹر بی سی ویلفیر اے پی نے صفا ہائی اسکول انگریزی میڈیم منڈی بازار ورنگل کے ’’ اسکول ڈے ‘‘ تقریب بروز ہفتہ بوقت 7 بجے شام اسکول کے احاطہ میں منعقدہ تقریب کو خطاب کرتے ہوئے اپنے صدارتی خطاب سے کیا ۔ انہوں نے مدرسہ ہذا کی کارکردگی کو قابل رشک اور قابل ستائش قرار دیا ۔ طلباء سے اپیل کی کہ وہ سخت محنت کریں ۔ کامیابی حاصل کریں اور روشن مستقبل کے سماج کے معمار بنیں ۔ جناب محمد خواجہ عارف الدین صدر صفا ہائی اسکول ورنگل و صدر جماعت اسلامی ہند تلنگانہ و اڑیسہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ اللہ رب العزت نے انسان کو اشرف لمخلوقات بناکر پیدا کیا ۔ علم سے انسان ذیشان ہوتا ہے علم سے جنت اور دوزح کا راستہ معلوم ہوتا ہے ۔ روئے زمین پر اہل علم حضرات مثل تاروں کے مانند ہوتے ہیں جس سے مخلوق خدا فیضیاب ہوتی ہے ۔ آج بہتر سماج کی تشکیل کیلئے ہر فرد کو علم کے زیور سے آراستہ ہونے کی ضرورت ہے ۔ صفا اسکول ایک فیض کا دریا ہے ۔ انہوں نے اولیائے طلباء سے اپیل کی کہ اپنے بچوں کو دین اور دنیا کے اقدار والی شخصیت بنانا ہو تو صفا اسکول کی خدمات سے استفادہ کریں ۔ انہوں نے طلباء سے اپیل کی کہ محنت طلباء کا ذریعہ ہے ۔ بغیر محنت کے کوئی چیز حاصل نہیں ہوتی ۔ محنت کو اپنا شعار بنالیں ۔ منزلیں خود سرجھکائیں گی ۔ طلباء کی جانب سے ثقافتی مظاہرے کئے گئے ۔ شاندار نتائج حاصل کرنے والے طلباء کو مہمان نے اعزازات عطا کئے ۔